modi3

عوام کا بی جے پی پر اعتماد بڑھ رہا ہے، تاریخی کامیابی اطمنان بخش

سفر ایک شہر سے شروع ہوا تھا، کیرالا میں بھی آغاز ہو چکا ہے//وزیر اعظم مودی

سرینگر// یو این ایس// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کیرالا میں سیاسی تبدیلی ناگزیر ہے اور عوام آہستہ آہستہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ ترواننت پورم میں ایک بڑے پارٹی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ترواننت پورم میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی کی کامیابی کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ یہ کامیابی کیرالا کی سیاست میں نئے دور کے آغاز کی علامت ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ جس طرح بی جے پی کا سفر گجرات میں تقریباً چار دہائیاں قبل ایک شہر سے شروع ہوا تھا، اسی طرح کیرالا میں بھی پارٹی کی شروعات ایک شہر سے ہو چکی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اب بی جے پی سے جڑنے لگے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 1987 سے پہلے گجرات میں بی جے پی ایک حاشیے پر موجود جماعت تھی اور میڈیا میں بھی اس کی موجودگی نہ ہونے کے برابر تھی، تاہم احمد آباد میونسپل کارپوریشن میں پہلی کامیابی کے بعد عوام نے پارٹی پر مسلسل اعتماد کا اظہار کیا اور اسے اقتدار سونپا۔یو این ایس کے مطابق مودی نے کہا کہ ترواننت پورم کارپوریشن میں بی جے پی کی فتح دراصل عوام کے اس عزم کی جیت ہے کہ وہ کیرالا کو ایل ڈی ایف اور یو ڈی ایف کی مبینہ بدعنوان طرز حکمرانی سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہائیوں سے دونوں جماعتوں نے ترواننت پورم کو نظر انداز کیا اور شہر کو بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر سے محروم رکھا۔ پْتھاریکنڈم میدان میں منعقد بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا،’’بائیں بازو اور کانگریس نے عوام کی ضروریات کو مسلسل نظر انداز کیا، مگر اب بی جے پی کی ٹیم ایک ترقی یافتہ ترواننت پورم کی تعمیر کیلئے کام شروع کر چکی ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا عوام کو یقین رکھنا چاہیے کہ جس تبدیلی کا طویل عرصے سے انتظار تھا، وہ اب آنے والی ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ترواننت پورم پورے ملک کیلئے ایک ماڈل شہر بنے گا اور وہ ذاتی طور پر اسے بھارت کے بہترین شہروں میں شامل کرنے کیلئے مکمل تعاون فراہم کریں گے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کیرالا کے دورے پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور نئی ٹرین خدمات کو ہری جھنڈی دکھانے کیلئے ریاست پہنچے ہیں، جہاں جلد اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔