عوامی وفود اور قانون سازوں نے سری نگر ’رابطہ آفس‘ میں وزیرا علیٰ سے ملاقات کی

سری نگر//متعدد عوامی وفود نے آج وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ان کے عوامی رَسائی دفتر’رابطہ آفس‘سری نگر میں ملاقات کی اور انہیں عوامی مسائل اور ترقیاتی مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ان وفود میں کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نمائندے شامل تھے جنہوں نے اَپنے اَپنے علاقوں میں بنیادی ڈھانچے، شہری سہولیات، بجلی، پانی کی فراہمی اور سڑکوں کے رابطے سے متعلق مطالبات پیش کئے۔وزیر اعلیٰ نے وفود کو بغور سُنا اور یقین دِلایا کہ ان کے حقیقی مطالبات کا جائزہ لیا جائے گا اور مقررہ وقت میں ان کو حل کیا جائے گا۔متعدد قانون ساز بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوئے اور اَپنے حلقہ اِنتخاب سے متعلق ترقیاتی ترجیحات پر گفتگو کی۔ اُنہوں نے جاری ترقیاتی کاموں، عوامی شکایات اور مختلف شعبہ جات کی ضروریات سے آگاہ کیا تاکہ خدمات کی فراہمی بہتر بنائی جا سکے اور مقامی ترقی کو تیز کیا جا سکے۔وزیر اعلیٰ نے وفود کو یقین دِلایا کہ حکومت جموں و کشمیر میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور ضروری خدمات کی فراہمی بہتر بنانے پر اَپنی توجہ مرکوز رکھے گی۔