وزیر نے سری نگر وجموں کمپوزِٹ ریجنل سینٹروں کی کارکردگی اور کا م کاج کا جائزہ لیا
سری نگر// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے بُزرگ شہریوں اورجسمانی طور خاص اَفراد (پی ڈبلیو ڈِی ایس) کے فائدے کے لئے طریقۂ کار کو آسان بنانے اور عوام دوست اَقدامات کو اَپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اِن باتوں کا اِظہار وزیر موصوفہ نے سول سیکرٹریٹ سری نگر میں منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سری نگر و جموں کے کمپوزٹ ریجنل سینٹروں( سی آر سی) کی کارکردگی اور کام کاج کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں سیکرٹری کمشنر سماجی بہبود سرمد حفیظ، ڈائریکٹران سماجی بہبود کشمیر و جموں، ڈائریکٹر سی آر سی سری نگر و جموں، ایگزیکٹویو ڈائریکٹر سٹیٹ رہیبلی ٹیشن کونسل جے اینڈ کے، چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر آرٹیفیشل لمبس مینو فیکچرنگ کارپوریشن آف اِنڈیا(اے ایل آئی ایم سی او)، ضلعی سماجی بہبود اَفسران و دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی جبکہ آئوٹ سٹیشن اَفسران نے بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں حصہ لیا ۔ وزیرموصوفہ نے ڈِس ایبلیٹز سرٹیفکیٹس جاری کرنے اور معاون آلات کی فراہمی کے عمل کو مؤثر اور آسان بنانے کی ہدایت دی تاکہ زیادہ سے زیادہ اِستفادہ کنندگان ان سہولیات سے فائدہ اُٹھا سکیں۔اُنہوں نے سی آر سی حکام کو مزید ہدایت دی کہ وہ ضلعی صدورمقامات سے باہر بیداری کیمپوں کا اِنعقاد کریں اور دُور دراز اور پسماندہ علاقوں تک بھی پہنچ کر لوگوں کو دستیاب سہولیات سے آگاہ کریں۔سکینہ اِیتو نے کوالٹی اشورینس کی اہمیت پر زو ردیتے ہوئے سی آر سی اور اے ایل آئی ایم سی او کو ہدایت دی کہ وہ مستحقین میں تقسیم کرنے سے قبل تمام معاون آلات کے معیار کی سختی سے جانچ کریں۔اُنہوں نے جسمانی طور خاص اَفراد کو اوپری منزلوں پر قائم تشخیصی مراکز تک رَسائی میں درپیش مشکلات کی طرف بھی توجہ دِلائی اور متعلقہ محکموں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے محکمہ سماجی بہبود پر زور دیا کہ وہ اُن لوگوں کی مدد کرنے کے طریقے تلاش کریں جو اَپنے آدھار کارڈ حاصل کرنے یا اَپ ڈیٹ کرنے سے قاصر ہیں تاکہ وہ پنشن اور دیگر فلاحی فوائد سے محروم نہ رہیں۔وزیر موصوفہ نے جسمانی طور خاص اَفراد کی خود اَنحصاری کے لئے قرض کی سہولیات فراہم کرنے کی وکالت کی تاکہ وہ معاشی طور پرخود مختار بن سکیں۔ اُنہوں نے کہا،’’حکومت کو اِس شعبے میں مزید کام کرناہے۔لوگوں کو ہماری ضرورت ہے اور یہ ہماری ذِمہ داری ہے کہ ہم سپورٹ ، کیئر اور وقار کے ساتھ اُن کی دہلیز تک پہنچیں۔‘‘ اِس سے قبل سی آر سی سری نگر و جموں اور اے ایل آئی ایم سی او کے نمائندگان نے اَپنے کام کاج اور اَب تک کی کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔










