نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کے صدر چودھری انیل کمار نے ملک کے ایک معروف نیوز چینل کے اسٹنگ آپریشن میں بی جے پی اور عام آدمی پارٹی (عآپ) لیڈروں کی بدعنوانی کا پردہ فاش ہونے پر گلی گلی میں موجود انٹرنیٹ کیبل مافیا اور بی جے پی، عآپ کے کونسلروں اور بڑے لیڈران کی ملی بھگت کا پردہ فاش کرنے کے لئے سی بی آئی تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔چودھری انیل کمار نے کہا کہ ملک کے معروف نیوز چینل کے اسٹنگ آپریشن میں بی جے پی کے تین اور عام آدمی پارٹی کے دو کونسلروں نے کٹوتی کی رقم قبول کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ دہلی کے لوگ پہلے سے جانتے ہیں کہ عام آدمی پارٹی منظم طریقے سے کرپشن کر رہی ہے لیکن آج کے اسٹنگ آپریشن نے کرپٹ لوگوں کے کچھ چہرے کیمرے پر دکھا دئے ہیں۔چودھری انیل کمار نے کہا کہ دہلی کی گلیوں میں موجود انٹرنیٹ کیبل مافیا سڑکیں کھود کر اس میں انٹرنیٹ کیبل ڈالتے ہیں، اس کے لیے متعلقہ محکموں سے اجازت بھی نہیں لی جاتی۔ انٹرنیٹ کیبل کا بل عام شہری سے وصول کیا جاتا ہے لیکن حکومتوں کو کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کیبل مافیا عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے بڑے لیڈروں کی پشت پناہی میں کام کر رہا ہے۔چودھری انیل کمار نے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹنگ آپریشن میں جن سیاہ چہروں کا پردہ فاش ہوا ہے، ان کی سی بی آئی کے ذریعے ایف آئی آر درج کراکر تحقیقات کرائی جائے، تاکہ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے بڑے لیڈروں کی پشت پناہی میں چل رہے غیر قانونی انٹرنیٹ کیبل مافیا کے بڑے ریکیٹ کو بے نقاب کیا جا سکے۔چودھری انیل کمار نے کہا کہ دہلی جل بورڈ، دہلی میونسپل کارپوریشن جیسے ادارے آج بدعنوانی کے اڈے بن چکے ہیں۔ چودھری انیل کمار نے کہا کہ یہ پہلا معاملہ نہیں ہے جب کوئی عام آدمی پارٹی یا بی جے پی کے لئے انتخابی مہم چلاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 7 سالوں میں کیجریوال اور بی جے پی کے درمیان بدعنوانی میں آگے نکلنے کا مقابلہ چل رہا ہے۔










