عالمی کپ 2023: ’ہندوستانی ٹیم ایسے سفر پر ہے جہاں کچھ خاص ہونے والا ہے‘، دنیش کارتک کا بیان

ہندوستان کے وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک نے عالمی کپ میں ہندوستانی ٹیم کی شاندار شروعات کے لیے اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ میزبان ٹیم گروپ مرحلہ کا اختتام پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست رہے گی۔واضح رہے کہ ہندوستان نے اتوار کو لکھنؤ میں دفاعی چمپئن انگلینڈ کو 100 رن سے شکست دے کر اپنی جیت کا سلسلہ لگاتار 6 جیت تک بڑھا دیا ہے۔ اس شاندار کارکردگی نے ہندوستان کو پوائنٹس ٹیبل میں ایک بار پھر نمبر 1 پر لا دیا ہے۔ انگلینڈ پر ملی جیت کے ساتھ ہی ہندوستان 12 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی ہے۔بہرحال، ہندوستان کی جیت پر دنیش کارتک نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’روہت شرما اینڈ کمپنی کو انگلینڈ پر اپنی جیت سے کافی اعتماد ملے گا۔ ایسا اس لیے کیونکہ انھیں پہلے کے مقابلے میں بہت مختلف طریقے سے جیت درج کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔‘‘ کارتک کا مزید کہنا ہے کہ ’’مجھے نہیں لگتا کہ انھیں اس سے بہتر کھیل مل سکتا تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ ایک ایسے سفر پر ہیں جہاں کچھ خاص ہونے والا ہے۔‘‘