18؍ ستمبر کو اَپنے حق دہی کا اِستعمال کریں گے،الیکشن کمیشن نے ضلع بھر میں ا 372 پولنگ سٹیشن قائم کئے
کولگام//اسمبلی اِنتخابات 2024ء کے اعلان کے ساتھ ہی ضلع کولگام پہلے مرحلے کے اِنتخابات کی تیاری کر رہا ہے جہاں 18؍ ستمبر 2024ء کو 3.28لاکھ رائے دہندگان اَپنے حق رائے دہی کا اِستعمال کریں گے۔ضلع میں تین اسمبلی حلقے ڈی ایچ پورہ، کولگام اور دیوسر شامل ہیں جہاں 3,28,740 رائے دہندگان ہیں جن میں 1,64,829مرد، 1,63,898خواتین اور 13 خواجہ سرا ووٹرزہیں۔الیکشن کمیشن آف اِنڈیا ( اِی سی آئی ) نے آزاد، منصفانہ اور شفاف اِنتخابات کے لئے 372 پولنگ سٹیشن قائم کئے ہیں۔اسمبلی حلقہ 39۔کولگام میں 1,17,322 رائے دہندگان ہیں جن میں 58,477 مرد اور 58,845 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ تمام رجسٹرڈ رائے دہندگان کے لئے آسان، احسن اور جامع رائے دہی کا اِستعمال کرنے کے لئے 134 پولنگ سٹیشن مختص کئے گئے ہیں۔ اسمبلی حلقہ40۔دیوسر میں کُل 1,12,381رائے دہندگان ہیں جن میں 56,199 مرد، 56,175 خواتین اور 7خواجہ سرا ووٹرز شامل ہیں۔ دیوسر اَسمبلی حلقے میں 127 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔اِسی طرح اسمبلی حلقہ 38۔ ڈی ایچ پورہ میں کُل 99,037ووٹرز اَپنا حق رائے دہی اِستعمال کریں گے جن میں 50,153 مرد، 48,878 خواتین اور 6 خواجہ سرا راہندگان شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے اِس حلقے میں جامع اِنتخابی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے111 پولنگ سٹیشن قائم کئے ہیں۔ ضلع کولگام ووٹنگ کے عمل کو درستگی اور رسائی کے ساتھ منظم کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے جس کے لئے کنٹرول روم رائونڈ دی کلاک قائم کئے گئے جو ووٹر ہیلپ لائنز سے لیس ہے اورفلائنگ سکارڈ ٹیموں اور سٹیٹک سرویلنس ٹیموں کی نگرانی کا کام سونپا گیا ہے۔یہ کنٹرول روم سی۔ ویجل پلیٹ فارم کے ذریعے رِپورٹ کردہ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (ایم سی سی) کی خلاف ورزیوں کا بھی اِنتظام کرتا ہے۔اِنتخابی مہم اور ریلیوں سے متعلق اجازت نامے جاری کرنے کے لئے ایک مخصوص اجازت سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ کولگام اِنتظامیہ اَپنے تمام رہائشیوں کے لئے شفاف ، منصفانہ اور مؤثر اِنتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔










