ضلع چنائو آفیسر بارہمولہ نے اسمبلی حلقہ پٹن کیلئے نامزد سٹرانگ روم کا معائینہ کیا

ضلع چنائو آفیسر بارہمولہ نے اسمبلی حلقہ پٹن کیلئے نامزد سٹرانگ روم کا معائینہ کیا

بارہمولہ//ضلع چنائو آفیسر ( ڈِی اِی او ) بارہمولہ منگا شیرپا نے ضلع بارہمولہ میں 2024 کے عام اسمبلی انتخابات سے قبل اسمبلی حلقہ 13۔ پٹن کے لئے نامزد ریسپٹ اورڈسپیچ (انٹرمیڈیٹ سٹرانگ روم) کا تفصیلی معائینہ کیا۔اِس دورے کا مقصد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (اِی وِی ایم)، ووٹر ویریفایبل پیپر آڈِٹ ٹریل (وِی وِی پی اے ٹی) مشینوں اور دیگر اہم اِنتخابی مواد کے محفوظ سٹوریج کے لئے قائم بنیادی ڈھانچے، لاجسٹکس اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ضلع چنائو آفیسر نے سی سی ٹی وِی کیمروں، بلاتعطل بجلی کی فراہمی، چوبیس گھنٹے سیکورٹی اور دیگر اقدامات سمیت سٹرانگ روموں کے لئے جامع حفاظتی پروٹوکول کا مکمل جائزہ لیا۔اُنہوں نے کہا کہ یہ سٹرانگ رومز مضبوط حفاظتی اقدامات کے ساتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں مسلح اہلکاروں کی مسلسل نگرانی بھی شامل ہے۔منگاشیرپا نے مزید بتایا کہ نگرانی کو بہتر بنانے کے لئے پورے سینٹر میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور الیکشن کمیشن کی ہدایات کی سختی سے تعمیل کرتے ہوئے ان حفاظتی اقدامات کو ہر وقت برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔