جاوید ڈار نے ترنگا لہرایا ، شاندار پریڈ کا معائینہ کیااور مارچ پاسٹ پر سلامی لی
بارہمولہ//ضلع پولیس لائنز بارہمولہ میں یومِ جمہوریہ 2026 کی مرکزی تقریب پورے جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منعقد ہوئی جہاں وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج ،اِمدادِ باہمی اور انتخابات محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔پریڈ میں بی ایس ایف، سی آر پی ایف، جموں و کشمیر پولیس، ایس ایس بی، آئی آر پی، آرمڈ پولیس لیڈیز، جے کے پولیس بینڈ، این سی سی کیڈٹس ،گورنمنٹ ڈگری کالج بارہمولہ، بوائز ہائیر سیکنڈری بارہمولہ اور مختلف سکولوں و کالجوں کے دستوں نے حصہ لیا۔وزیر موصوف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو یومِ جمہوریہ کی مُبارک باد دی اور اُن دوراندیش رہنماؤں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ہمارے آئین کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔اُنہوں نے اُن بہادر مجاہدین آزادی اور شہدأ کو سلام پیش کیا جنہوں نے ملک کی آزادی اور جمہوریت کی خاطر سب کچھ قربان کر دیا۔اُنہوںنے ضلع کی نمایاں ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ زراعت، صحت اور تعلیم سمیت متعدد اہم شعبوں میں خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے جبکہ خواتین اور نوجوانوں کو بااِختیار بنانے، سڑک رابطہ کاری، سماجی بہبود، خود روزگاری اور ہمہ جہت ترقی کے دیگر میدانوں میں بھی مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں۔تقریب کے دوران مختلف سکولوں کے طلبأ اور ثقافتی فن کاروں نے شاندار پروگرام پیش کئے جن میں خطے کی بھرپور ثقافتی وراثت اور تنوع کی جھلک نظر آئی۔اِس موقعہ پر ہندوستانی فوج نے کئی سٹال قائم کئے تھے جہاں لوگوں کو جدید ہتھیاروں کی نمائش دیکھنے کا موقعہ ملا اور وہ فوج کی آپریشنل صلاحیتوں اور تکنیکی ترقی سے قریب سے واقف ہوئے۔دریں اثنا،مہمانانِ خصوصی نے ہندوستانی فوج اور مختلف محکموں جیسے تعلیم، زراعت، صحت، آئی سی ڈی ایس وغیرہ کے سٹالوںکا بھی دورہ کیاجہاں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کی مختلف سکیموں، خدمات اور سہولیات کی نمائش کی گئی تھی۔تقریب کا اِختتام مارچ پاسٹ اور ثقافتی پروگراموں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔ اِس کے علاوہ مختلف محکموں کے ملازمین کو اُن کی مثالی عوامی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔اِس موقعہ پررُکن قانون ساز اسمبلی سوپور اِرشاد احمد کار،ممبر اسمبلی واگورہ۔کریری عرفان حفیظ لون، رُکن اسمبلی اوڑی سجاد احمد،ممبر اسمبلی گلمرگ فاروق احمد شاہ،ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا، سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس بارہمولہ گوریندر پال سنگھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ الطاف حسین موسوی، فوج اور پولیس کے افسران، ضلع اور شعبہ جاتی افسران، مختلف محکموں کے سربراہان اور بڑی تعداد میں عوام نے یومِ جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کی۔اِسی طرح کے یوم جمہوریہ کی تقاریب بھی سب ڈویژنوں سوپور، پٹن، اُوڑی، ٹنگمرگ اور تحصیل کی سطح پر جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئیں جہاں متعلقہ اے ڈی سی اور ایس ڈی ایم نے ترنگا لہرایا۔










