بڈگام// ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے ضلع کے کچھ علاقوں میں پائے جانے والے اس سپائیک کے بارے میں عوام کو متنبہ کیا جس کے نتیجے میں نئے سات علاقوں کو کووِڈ ۔19 مائیکرو کنٹین منٹ زون ( ایم سی زیڈز ) قرار دیا گیا ہے۔اِن باتوںکا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام نے آج ضلع میں موجودہ کووِڈ منظر نامے پر میڈیا اَفراد کو بریفنگ دینے کے دوران کیا۔تفصیلات دیتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ ضلع میں 51 سرگرم مثبت معاملات ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ اِس وقت مثبت معاملات کی شرح 0.5 فیصد سے نیچے رہ گئی ہے ۔اُنہوں نے ٹیکہ کاری مہم کے بارے میں کہا کہ بڈگام ضلع 45فیصد اور اس سے زیادہ عمر کے گروپوں کو ٹیکہ لگانے کا صدفیصد ہدف حاصل کرچکا ہے اور 18 برس عمر سے 44برس عمر کے زُمرے کی کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم جاری و ساری ہے اور اس عمر کے گروپ کے لوگوں کو جلد از جلد ٹیکے لگانے کی اپیل کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر بڈگام نے کووِڈ۔19 وَبائی مرض کا پھیلائوروکنے کے لئے ٹیکہ کاری مہمات میں بڑے پیمانے پر شرکت کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے ضلعی عوام سے پھر ایک بار اپیل کی کہ کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی )،تمام لازمی کووِڈ۔19ایس او پیز پر من و عن سختی سے عمل کریں اور بالخصوص گنجان جگہوں پر غیر ضروری اجتماعات سے اجتناب کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو بغیر ماسک پہننے ہوئے دیکھا گیا ہے جس سے کووِڈ ۔19 انفیکشن پھیلنے کا امکانی خطرہ پیدا ہوتا ہے ۔ عوام کو چاہیئے کہ وہ کووِڈ مناسب طرزِ عمل مکمل طورپر اپنائیں۔










