راجوری//ضلع راجوری میں ہوم ووٹنگ کے عمل کے دوران 96.90 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ پولنگ ٹیموں کی تین دن کی وسیع کوششوں کے بعد آج ووٹنگ اِختتام پذیر ہوئی۔یہ عمل19 ؍ستمبر کو شروع ہوئی ۔ اِس عمل میں بزرگ شہریوں اورجسمانی طور خاص اَفراد (پی ڈبلیو ڈی) کے لئے ہوم ووٹنگ کو آسان بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔حلقہ کے لحاظ سے دیکھیں توکالاکوٹ سندربنی اسمبلی حلقہ میں 97.93 فیصد، نوشہرہ اسمبلی حلقہ میں 97.19 فیصد، راجوری اسمبلی حلقہ میں 96.40 فیصد، بدھل اسمبلی حلقہ میں 95.20 فیصد، تھانہ منڈی اسمبلی حلقہ میں 97.42فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ضلع چنائو آفیسر ابھیشیک شرما کی ہدایت پر ضلع بھر میں 150 پولنگ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ تمام اہل رائے دہندگان بالخصوص پہاڑی اور دُور اُفتادہ علاقوں میں رہنے والے رائے دہندگان کے لئے ہوم ووٹنگ کو یقینی بنایا جاسکے۔ یہ ٹیمیں 85 برس یا اس سے زیادہ عمر کے 1,615 ووٹروں اور 744 پی ڈبلیو ڈی رائے دہندگان کے لئے ہوم ووٹنگ کرنے کی ذمہ دار تھیں۔ٹیمیں مشکل حالات کا سامنا کرتے ہوئے کامیابی سے رائے دہندگان تک پہنچیں اور اس بات کو یقینی بنایا کہ کوئی بھی اہل شخص جمہوری عمل سے باہر نہ رہے۔ضلع چنائو آفیسر راجوری نے ٹیموں کی لگن کی ستائش کی اور اس بات پر زور دیا کہ ایسے حالات میں ہوم ووٹنگ کی کامیابی سے تکمیل اِنتخابی عمل میں شمولیت کے لئے ضلع کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
