گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے کہا کہ ضلع میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں کووِڈ مثبت معاملات کی شرح میں معمولی اِضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔اِن باتوںکا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر گاندر بل نے آج میڈیا اَفراد کو ضلع میں کووِڈ ۔19 کی مجموعی صورتحال،کووِڈ کنٹین منٹ اور تخفیفی اِقدامات کے بارے میں بریفنگ دینے کے دوران کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کچھ ہفتوں میں وَبائی اَمراض کے حوالے سے مثبت معاملات میں کافی حدتک بہتری آئی ہے لیکن اِس ہفتے میں مجموعی طور پر مثبت معاملات کی شرح میں اِضافہ دیکھنے کو ملا ہے جو کوئی حوصلہ اَفزا علامت نہیں ہے ۔ڈی سی نے لوگوں سے کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ کووِڈ وَبائی مرض ابھی ختم نہیں ہوا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ لوگ معاشرتی فاصلے اور ماسک پہنے بغیر بالخصوص سیاحتی مقامات جیسے مانسبل اور سونہ مرگ میں دیکھے جاتے ہیں ۔ ہفتے کے آخر میں بہت زیادہ رش رہتا ہے جس کی وجہ سے ضلع میں مثبت معاملات کی شرح میں اضافہ ہوا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِن سیاحتی مقامات پر رَش کو منظم کرنے کے لئے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔اُنہوں نے ایک بار پھر ضلعی عوام سے اپیل کی کہ وہ ماسک پہنیں اور کووِڈ مناسب طرز ِ عمل کی پیروی کریں اور بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر غیر ضروری اِجتماع سے اجتناب کریں۔










