خواتین صنعت کاروں، کاریگروں سے سرکاری سکیموں سے فائدہ اُٹھانے، آن لائن مارکیٹ پلیس اِی کامرس کا اِستعمال کرنے کی ہدایت دی
کپواڑہ// ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ نے آج ٹاؤن ہال کپواڑہ میں ایک روزہ نمائش وبیداری کیمپ کا اِنعقاد کیا جس کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈان نے کی۔اِس پروگرام میں سی او لیفٹیننٹ کرنل راجیو، اے ڈی ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کپواڑہ محمد یوسف لون،ہینڈی کرافٹ ٹریننگ آفیسر ریاض احمد یتو کے علاوہ کاریگروں، بنکروں اور تربیت حاصل کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے محکموں کو ہدایت دی کہ وہ دلچسپی رکھنے والی خواتین کو ساتھ لے کر جائیں تاکہ وہ مختلف سرکاری سکیموں سے فائدہ اَٹھا سکیں۔ اُنہوں نے شرکأ کو آگے آنے اور سکیموں سے فائدہ اُٹھانے کی بھی ترغیب دی۔اُنہوں نے کہا کہ کشمیری دستکاریاں اَپنی خوبصورتی، پیچیدہ ڈیزائن، اعلیٰ معیار اور دستکاری کی وجہ سے مشہور ہیں جس کی وجہ سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر زبردست مانگ ہے۔ مزید برآں، سیاحت طلب کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ نوجوان تعلیم یافتہ کاروباری اَفراد اِس شعبے کی طرف بڑھ رہے ہیں جو ٹیکنالوجی کی مدد سے رَسائی کے فرق کو پُر کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن بڑھتی ہوئی طلب کی وجہ سے فزیکل اور آن لائن رَسائی کا فرق اب بھی موجود ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے خواتین کاریگروں اور کاروباری اَفراد پر زور دیا کہ وہ دستکاری میں ٹیکنالوجی کو تیزی سے شامل کریں اور آن لائن مارکیٹوں اور اِی۔ کامرس کا اِستعمال کریں۔اُنہوں نے تربیت حاصل کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ ہینڈی کرافٹ ایند ہینڈ لوم کی ترقی کے لئے حکومت معاونت والی سکیموں سے فائدہ اٹھائیں، تاکہ وہ سیلف ہیلپ گروپ بنا کر خود آمدنی پیدا کرنے والے یونٹ قائم کر کے روزی کما سکیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ مدرا اور تیجسوینی جیسی کئی سکیمیں ہیں جو خواتین کو خود روزگار اور خواتین کو بااِختیار بنانے پر مرکوز ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع کپواڑہ کے 2,900 نوجوانوں نے سیلف ایمپلائمنٹ سکیموں سے فائدہ اُٹھایا ہے۔اِس موقعہ پر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ماہرین سمیت مختلف مقررین نے اَپنے خیالات کا اظہار کیا اور شرکأکی معلومات اور بیداری کے لئے مختلف پلیٹ فارموں اور محکمانہ اَقدامات پر روشنی ڈالی۔










