کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈن نے تمام متعلقہ اَفسران اور دیگر شراکت داروںکی ایک جائزہ میٹنگ طلب کی تاکہ جے کے سمدھان پورٹل کے تحت رجسٹریشن کے عمل کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔ دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے شکایات کے بروقت اور مؤثر اِندراج کی اہمیت پر زور دیاجن تک پورٹل کے ذریعے رَسائی اور حل کیا جاسکتا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَپنے خطاب میںشہریوں کو سرکاری خدمات تک رَسائی اور تنازعات کے حل میں اس پورٹل کے کلیدی کردار کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ پورٹل کی رجسٹریشن کے عمل میں زیادہ سے زیادہ عوامی شمولیت اور شرکت کو یقینی بنائیں۔سی ایس سی وِی ایل اِیز کو ہدایت دی گئی کہ وہ مقررہ وقت کے اَندر ہدف شدہ آبادی کی صد فیصد رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔میٹنگ میں ضلع کے مختلف تحاصیل اور سب ڈویژنوں میں رجسٹریشن کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا بالخصوص ان علاقوں کی نشاندہی پر خصوصی توجہ دی گئی جہاں رجسٹریشن پیچھے ہے۔اِس دوران لوگوں کی صد فیصد رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لئے مختلف محکموں کے لئے ٹائم لائنز طے کی گئیں۔میٹنگ میں اے سی ڈِی کپواڑہ، سی اِی او، سی ایم او، بی ڈِی اوز، ڈِی پی ایم۔این آر ایل ایم، ڈِسٹرکٹ منیجر سی ایس سی اور وِی ایل اِیز نے شرکت کی۔










