ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام کا یاری پورہ میں عوامی شکایات اَزالے کیمپ کا اِنعقاد

عوامی مسائل کو سنا اور فوری نوعیت کے متعدد مسائل کا موقعہ پر ہی اَزالہ کیا

کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر اطہر عامر خان نے عوامی شکایات سننے اور مقامی مسائل کا ان کی دہلیز پر جا کر جائزہ لینے کے لئے آج یاری پورہ علاقے کا دورہ کیا اور ہفتہ وار’ بلاک دیوس‘کے ایک حصے کے طور پر ایک’ میگا عوامی شکایات اَزالہ کیمپ‘ کی صدارت کی۔اِس پروگرام میں ہوم شالی بُگ، یاری پورہ، نون مائی ، یمراچ، دسین، کوکرگنڈ منادگفان، ہوم شالی بگ اور دیگر ملحقہ علاقوں کے لوگوں کی زبردست عوامی شرکت دیکھی گئی۔شکایات ازالے کیمپ میں اے سی ڈی محمد عمران، تحصیل دار، بی ڈی او، مختلف عمل آوری ایجنسیوں کے اَفسران، سی ای او، سی ایم او اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔شکایات ازالہ کیمپ میں عوامی وفود اور متعدد افراد نے ضلع ترقیاتی کمشنر کے سامنے مختلف ترقیاتی مسائل پیش کئے جس میں ہوم شالی بُگ میں قبرستان کی باڑ لگانے، یاری پورہ میں سٹریٹ لائیٹوں کی مرمت، یاری پورہ میں گرلز ڈگری کالج کے پبلک لائبریری کا قیام، ایس ڈی ایچ میں عملے میں اِضافہ ، ہسپتال کے قریب اے ٹی ایم کے قیام ، دسین نون مائی روڈ کی مرمت ، نون مائی وغیرہ میں سٹریٹ لائیٹوں کی تنصیب شامل ہیں۔اِس کے علاوہ دیگر مطالبا ت میںلوگوں نے پینے کے پانی کی سپلائی میں اِضافہ، آبپاشی نہروں کی صفائی، سڑکوں کی مرمت اور علاقے کے دیگر مطالبات کو بھی اُجاگر کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام مسائل بغور سنا اور فوری اور مقامی نوعیت کے کچھ مسائل کو موقعہ پرہی اَزالہ کیا گیا۔اُنہوں نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے شکایات ازالے کیمپوں کے اِنعقاد کا مقصد عوام الناس سے مسائل کا درست اور زمینی جائزہ لینا ہے تاکہ اِن کے بروقت اَزالے کا جائزہ لیا جاسکے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ تمام مسائل اور مطالبات کو فزیبلٹی اور اَصولوں کے مطابق مزید کاررِوائی کے لئے نوٹ کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے لوگوں کو گرام سبھا میں حصہ لینے کی بھی ترغیب دی تاکہ لوگوں کے وسیع تر مفاد کے لئے اَپنے ترقیاتی کاموں کو ترجیح دی جاسکے۔اُنہوں نے یاری پورہ میں پبلک لائبریری کے قیام کے لئے کسی بھی خالی عمارت کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اَفسران نے شکایات کیمپ کے آغاز میں ان عمل آوری ایجنسیوں کے زیر تکمیل کاموں کی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی اور ضلع ترقیاتی کمشنرنے اُنہیں تمام کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسروں کو لوگوں کے مسائل اور شکایات کا بروقت اَزالہ یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔دریں اثناء، ڈی ایچ پورہ اور دیوسر میں بھی شکایات ازالے کیمپوں کا اِنعقاد کیا گیا۔