ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام نے منزگام میں عوامی دربار کی صدارت کی اور عوامی مسائل سنے

ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام نے منزگام میں عوامی دربار کی صدارت کی اور عوامی مسائل سنے

کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر اَطہر عامر خان نے لوگوں تک پہنچنے اور لوگوں کی دہلیز پر حکمرانی فراہم کرنے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے آج دُور دراز اور دوراُفتادہ علاقے منزگام کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں ہفتہ وار عوامی رسائی پروگرام ’ بلاک دیوس ‘ کے تحت شکایات اَزالے کیمپ کی صدارت کی۔اِس پروگرام میں اویل، آسنور، منزگام، ہلن اور دیگر دیہات کے لوگوں کا زبردست ردِّعمل دیکھنے میں آیاجنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو اَپنے مسائل اور شکایات کے بارے میں آگاہ کیا تاکہ ان کا جلد اَز جلد اَزالہ کیا جاسکے۔اِن علاقوں کے وفود نے منزگام میں رریسونگ سٹیشن کے قیام، ایل ٹی نیٹ ورک کو بڑھانے، اہرہ بل نہر کی توسیع اور مناسب بحالی، پی ایچ سی منزگام میں عملے کی تعداد کو بڑھانے، سرکاری دفاتر کے لئے سرکاری رہائش گاہوں، ہلن روڈ کے لئے نکاسی آب کی تعمیر اور دیگر مختلف ترقیاتی مطالبات اور مسائل کو اُجاگر کرنے کا مطالبہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام مسائل سنے اور فوری نوعیت کے کچھ مسائل کا موقعہ پر ہی ازالہ کیا گیا۔دیگر مسائل او رمطالبات کو مزید کارروائی کے لئے نوٹ کیا گیا۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اَپنے علاقوں کے ترقیاتی کاموں کو ترجیح دینے کے لئے گرام سبھا میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔اُنہوں نے ضلع کولگام کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لئے لوگوں سے تعاون طلب کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے زراعت اور متعلقہ محکموں کو جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (ایچ اے ڈی پی )کے تحت بیداری اور رجسٹریشن کیمپ لگانے کی بھی ہدایت دی کہ وہ ایچ اے ڈی پی کے تحت مستفید ہونے والوں کو بیداری پیدا کریں اور ان کا اِندراج کریں۔دریں اثنأعلاقے کے لوگوں نے بھی بروقت برف ہٹانے اور خدمات کی بحالی پر ضلعی اِنتظامیہ کی ستائش کی۔شکایات ازالے کیمپ میں اے ڈی ڈی سی بشیر احمد وانی، اے ڈی سی وقار احمد گیری، ایس ڈی ایم نور آباد، اے سی آر، سی ایم او، تحصیل دار، بی ڈی او اور دیگر افسران موجو دتھے ۔