پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وِکاس کنڈل اور ایس ایس پی شفقت حسین بٹ نے شدید اور بھاری بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ اور رکاوٹوں کی وجہ سے جموں سری نگر قومی شاہراہ (این ایچ 44) کی بندش اور ٹریفک میں جاری خلل کے جواب میں مغل روڈ کا جامع معائینہ کیاجو وادی ٔکشمیر کو جموں سے جوڑنے والا ایک اہم متبادل راستہ ہے۔ایس ڈی ایم سرنکوٹ ، او سی بی آر او ، تحصیل دار سرنکوٹ ، ٹریفک اور دیگر ضلع اَفسروں کے ساتھ ٹیم نے سڑک کی حالت کا جائزہ لیا تاکہ گاڑیوں کی آمدورفت کو یقینی بنایا جاسکے۔جموں۔ سری نگر قومی شاہراہ این ایچ 44 بالخصوص رام بن ضلع میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اس موجودہ صورتحال نے سامان اور مسافروں کی آواجاہی کو آسان بنانے کے لئے قابل اعتماد متبادل راستوں کی ضرورت کو جنم دیا ہے۔ضلع تر قیاتی کمشنر وِکاس کنڈل نے معائینے کے دوران مسافروں کی حفاظت اور آرام کو یقینی بنانے کے لئے ان کے ساتھ بات چیت کی۔ اُنہوں نے سڑک کی مسلسل نگرانی کی یقین دہانی کی اور کہا کہ متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اضافی افرادی قوت اور مشینری کو تیار رکھیں۔










