شوپیان//ضلع ترقیاتی شوپیاںفضل الحسیب نے منی سیکرٹریٹ میں مختلف محکموں کے اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں شوپیاں میں برف ہٹانے کے اِنتظامات کا جائزہ لیاگیا۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے برف ہٹانے والی مشینوں کی دستیابی، اَشیائے ضروریہ کے سٹاک پوزیشن، برفباری کے دوران خدمات میں رُکاوٹ کو روکنے کے لئے متعلقہ محکموں کی جانب سے تیار کردہ ایکشن پلان کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں نے آر اینڈ بی، پی ایم جی ایس وائی اور میکنیکل اِنجینئرنگ کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے عوامی سہولیت کے لئے فوری طور پر اہم سڑکوں اور اندرونی رابطوں کو برف سے صاف کرنے کو یقینی بنائیں اور متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ برف جمع ہونے کی وجہ سے کوئی بھی سڑک بند نہیں ہونی چاہیئے۔اُنہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ ایک جامع اور باریک بینی سے برف صاف کرنے کا منصوبہ تیار کریں تاکہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف سے بچا جا سکے۔ اُنہوں نے کنٹرول روم قائم کرکے سنو کلیئر نس کاموں سے نمٹنے کے لئے بہتر کوآرڈی نیشن پر زور دیا اور بجلی، پانی کی فراہمی اور دیگر ضروری اشیاء کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ بجلی شیڈول پر قائم رہے اور اِس بات کو یقینی بنائیں کہ بجلی کی غیر شیڈول کٹوتی نہ کی جائے۔اُنہوں نے سی ایم او اور آر اینڈ بی کو ضلعی سطح پر کنٹرول روموں فعال کرنے کی بھی ہدایت دی اور ڈی آئی او سے کہا کہ وہ وسیع تر تشہیر کے لئے تمام کنٹرول روموںکی تفصیلات کو مربوط کریں۔میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو شکور احمد ڈار، سی ایم او، سپراِنٹنڈنٹ، ڈی ایچ ایس، دیگر ضلعی اور سیکٹورل اَفسران نے شرکت کی۔










