ضلع میں صفر تا پانچ سال کی عمر کے تقریباً 2لاکھ بچوں کو پولیو کے قطر ے پلائے جائیں گے
سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اَکشے لابرو نے اتوار کے روز اربن پرائمری ہیلتھ سینٹر (یو پی ایچ سی) بٹہ مالو میں انٹینسفائیڈ پلس پولیو امیونائزیشن (آئی پی پی آئی)۔2025 پروگرام کا آغاز کیا۔ اِس مہم کے تحت ضلع میں صفر سے پانچ برس کی عمر کے تقریباً دو لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اِس پروگرام کا اِنعقاد محکمہ صحت کی جانب سے کیا گیا تھا جس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعدد بچوں کوپلس پولیو کے قطرے پلائے اور حفاظتی ٹیکوں کی مہم کو خوش اَسلوبی سے انجام دینے کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پلس پولیو امیونائزیشن صحت عامہ کا ایک اہم اَقدام ہے جس کا مقصد بچوں کو جان لیوا بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ضلع کو پولیو فری برقرار رکھنے کے لئے صد فیصد کوریج کا حصول انتہائی ضروری ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے والدین اور سرپرستوں پر زور دیاکہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ہرمستحق بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں اور بوتھ پر مبنی اور گھر گھر جا کر ویکسی نیشن سرگرمیوں کے دوران صحت کارکنوں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ مناسب نگرانی، رسد کی دستیابی اور ضلع بھر میں ویکسی نیشن بوتھوں کے ہموار کام کاج کو یقینی بنایا جائے۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ ضلع کے تمام میڈیکل زونوں میں مجموعی طور پر 668 ویکسی نیشن بوتھ قائم کئے گئے ہیںجن پر تقریباً 3,000 ہیلتھ اَفسران تعینات کئے گئے ہیں۔ اِس کے علاوہ سی ایم او،ڈپٹی سی ایم او اور بلاک و زون سطح کی ٹیموں کے زیرِ انتظام ٹرانزٹ ویکسی نیشن بوتھ بھی قائم کئے گئے ہیں تاکہ عوام کو سہولیت فراہم کی جا سکے۔یہ پروگرام کل سے گھر گھر ویکسی نیشن کے ساتھ جاری رہے گا تاکہ ضلع بھر میں اہل بچوں کی زیادہ سے زیادہ کوریج کو یقینی بنایا جا سکے۔اِس موقعہ پر چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر طاہر سجاد، ڈِسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر روبینہ، زونل میڈیکل آفیسر بٹہ مالو ڈاکٹر سمینہ، زونل میڈیکل آفیسر ایس آر گنج ڈاکٹر شفقت، زونل میڈیکل آفیسر زَڈی بل ڈاکٹر روبینہ سمیت دیگر سینئر صحت اَفسران اور دیگر متعلقین موجود تھے ۔










