ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے پی ایم سوریہ مفت بجلی یوجنا کی عمل آوری میں پیش رفت کا جائزہ لیا

سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ( چیئرمین مانیٹرنگ اینڈ مینجمنٹ کمیٹی پی ایم سوریہ گھرمفت بجلی یوجنا) اکشے لابرو نے ضلع میں پی ایم سوریا گھر مفت بجلی یوجنا کے تحت سولر روف ٹاپوں کی تنصیب میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے آج ڈی سی آفس کمپلیکس کے میٹنگ ہال میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں چیف پلاننگ آفیسر فیاض احمد ڈار، زونل ہیڈ جے کے بینک، کے پی ڈِی سی ایل کے ایگزیکٹیو انجینئروں، لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر (بینک) ،کے پی ڈی سی ایل کے انجینئروں اور سکیم کے منظور شدہ وینڈروںنے شرکت کی جنہوں نے مرکزی معاونت والی سکیم کے تحت جاری تنصیب کے کاموں اور موجودہ صورتحال کا ٹیم وار جائزہ پیش کیا۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے بڑے پیمانے پر بیداری مہمات، گھر گھر سروے اور اہل گھرانوں کی تیزی سے رجسٹریشن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام شراکت داروں کو ہدایت دی کہ بیداری میں اضافہ، بہتر بینکنگ سہولیات اور مقررہ وقت میں تنصیب کو یقینی بنایا جائے تاکہ سکیم کے فوائد بروقت مستفیدین تک پہنچ سکیں۔ اُنہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ عمل درآمد میں تیزی لائی جائے، طریقہ کار کی رکاوٹیں دور کی جائیں اور ہر سطح پر قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے۔اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ توجہ اور سنجیدگی کے ساتھ کام کریں تاکہ مقررہ وقت کے اندر ضلع کے تمام اہل گھرانوں تک رسائی یقینی بنائی جا سکے اور صارفین سکیم کے فوائد حاصل کر سکیں۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے سری نگر کی چاروں الیکٹرک ڈویژنوں میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے کے پی ڈِی سی ایل کے اِنجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ مشن موڈ میں کام کریں، باہمی رابطہ بہتر بنائیں اور سکیم کی عمل آوری کی رفتار میں تیزی لائیں۔