جے ایل این ایم ہسپتال میں پارکنگ کے مسائل ، غوثیہ ہسپتال میں میڈیکل و سالڈ ویسٹ کے مسائل اور پبلک پارک کی ترقی کیلئے موقعہ پر ہدایات جاری
سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے شہر کے ہسپتالوں میں مریضوں کی طبی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے آج جے ایل این ایم ہسپتال رعناواری ، سی ایچ سی غوثیہ خانیار ، پی ایچ سی زڈی بل اور دیگرہسپتالوں کا دورہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے دورے کے دوران مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا اَز خود جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ان ہسپتالوں کے مختلف وارڈوں اور سیکشنوں کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے ہسپتال میں دستیاب اَدویات، تشخیصی اور دیگر سہولیات کی دستیابی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر بلال نے مریضوں اور تیمارداروں سے بھی اِستفساری گفتگو کی اور اِن اِداروں کی خدمات پر اَطمینان کا اِظہا ر کیا ۔اُنہوں نے جے ایل این ایم ہسپتال میںجموں و کشمیر ہاؤسنگ بورڈ کے ذریعے تعمیر کی جانے والی سہولیت کے اضافی بلاک پر کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ مریضوں کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنانے کے لئے اس کی تکمیل کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ہسپتال میں پارکنگ سہولیت کو بڑھانے کا بھی وعدہ کیا اور ہسپتال میں پارکنگ کے مسائل پر قابو پانے کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کی طرف سے 30 لاکھ روپے فراہم کرنے کا عزم کیا۔اِسی طرح غوثیہ ہسپتال میں میڈیکل ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لئے جگہ اور شیڈ فراہم کرنے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے 20 لاکھ روپے فراہم کرنے کا عہد کیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اِداروں کو سی ایچ سی غوثیہ سے متصل پبلک پارک کی اَپ گریڈیشن کیلئے اَقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔دریں اثناء،اُنہوں نے سرکاری صحت مراکز میں اَپنی نوعیت کی پہلی کارروائی میں جلد تحقیقات کے لئے مشینری کا سامان فراہم کرنے کے عزم کا اِظہار کیا اور پائلٹ بنیادوں پر مذکورہ مشینری پی ایچ سی بتہ مالو اور پی ایچ سی زڈی بل کو فراہم کی جائے گی۔مزید برآں، ضلع ترقیاتی کمشنر نے یقین دلایا کہ مذکورہ مشینری مرحلہ وار طریقے سے دیگر صحت مراکز کو فراہم کی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ ہر شعبے بالخصوص صحت کی مجموعی بہتری کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوںنے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتالوں کے ارد گرد مکمل حفظان صحت کو برقرار رکھیں اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے انسانی وسائل کے مناسب استعمال اور انتہائی لگن اور خلوص کے ساتھ مریضوں کی خدمت کرنے پر بھی زور دیا۔دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ چیف پلاننگ آفیسر فیاض احمد ڈار، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر طاہر سجاد، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر آر اینڈ بی اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔










