سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے لوگوں کی شکایات کو ان کی دہلیز پر سننے اور ان کے ترقیاتی مسائل کے موقعہ پر حل کو یقینی بنانے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے آج عوامی رَسائی پروگرام کے تحت ضلع کی تحصیل خانیار میں شہری خاص کے علاقے کولی پورہ میں عوامی شکایات اَزالے کیمپ کا اِنعقاد کیا۔ پروگرام میں ضلع سری نگر تحصیل خانیار کے کولی پورہ، نوپورہ، علمدار کالونی، اِمام باراں، نوہٹہ، رنگر سٹاپ، رعناواری، سعدہ کدل، خواجہ یار بل ، براری نمبل ، بابا ڈیمب، خواجہ بازار، آستان پورہ برین، ابی کارپورہ اور دیگر ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔شکایات اَزالے کیمپ کے دوران عوامی وفود، مقامی مسجد اِنتظامیہ کمیٹیوں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر کے سامنے مختلف ترقیاتی مسائل پیش کئے جن میں پینے کے پانی کی فراہمی میں اضافہ، نکاسی آب اور سیوریج کے نیٹ ورک کو مضبوط کرنا، گلیوں اور نالوں کی مرمت، سڑکوں کو چوڑا اور میکڈیمائزیشن، براری نمبل کی ترقی، پانی کے فوارے اور سٹریٹ لائٹس کو فعال بنانا، پاور بنیادی ڈھانچے کی اَپ گریڈیشن، ڈل جھیل کے اندرونی حصوں میں صفائی کے اقدامات اور دیگر امور شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کی شکایات اور مطالبات کو سننے کے بعد شکایات ازالہ کیمپ کے دوران موجود متعلقہ ضلعی افسران سے موقعہ پر ہی جواب طلب کیا۔ ڈاکٹر بلال محی الدین نے تحصیل خانیار کے عوام کو یقین دِلایا کہ ان کے پیش کردہ تمام جائز مطالبات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے موقعہ پر ہی متعلقہ افسران کو شکایات ازالہ کیمپ کے دوران اُٹھائے گئے فوری نوعیت کے عوامی مسائل کو مقررہ مدت میں حل کرنے کی بھی ہدایت دی۔اُنہوں نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ نے شہر خاص سمیت شہر کے علاقوں میں ایسے کیمپ لگانے کا عمل شروع کیا ہے تاکہ ڈی سی آفس یا دیگر سرکاری دفاتر جانے کے بجائے لوگوں کو اُن کی دہلیز تک رَسائی حاصل کی جاسکے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ اس طرح کے شکایات ازالے کیمپوں کے انعقاد کا مقصد عام لوگوں سے مقامی مسائل کا جائزہ لینا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوامی شکایات ازالے کیمپ کے دوران عوامی مسائل اور مطالبات کے حوالے سے کئے گئے فیصلوں پر مناسب پیروی کے ساتھ حل کیا جاتا ہے تاکہ عوامی بھلائی کے تمام مطالبات کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کی مناسب پیروی ان کو مقررہ وقت میں حل کرنے کی کلید ہے۔اُنہوں نے لوگوں کی طرف سے اُٹھائے گئے پانی کے اضافے سے متعلق مسئلہ کا جواب دیتے ہوئے اُنہیں یقین دِلایا کہ شہری علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کو مزید بڑھانے کے لئے امرت 2.0 سمیت کئی نئی سکیمیں عملائی جارہی ہیں۔ عوامی شکایات ازالے کیمپ میںایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر سری نگر، جنرل منیجر ڈی آئی سی، جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، تحصیل دار خانیار، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر، پی ایچ ای، آر اینڈ بی، یو ای ای ڈی، پی ڈی ڈی اور سری نگر سمارٹ سٹی کے ایگزیکٹیو انجینئروں، لیڈ بینک منیجر اور ضلع کے دیگر زونل اور سیکٹورل افسران نے شرکت کی۔










