ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن کا بانہال میں عوامی رَسائی پروگرام کا اِنعقاد

رام بن// ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری نے بانہال میں ایک جامع عوامی اِستفساری سیشن کا اِنعقاد کیا جس میں رامسو اور بانہال کی دوہری سب ڈویژنوں کے رہائشیوں کے مسائل کا اَزالہ کیا۔یہ تقریب جاری عوامی رَسائی پروگرام کا حصہ ہے جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر اَپنے دورے کے دوسرے دِن ایک روزہ بات چیت میں مصروف رہیں۔اِس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اَفراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اَپنے مسائل اور شکایات کو اُجاگر کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے جوابدہ حکمرانی کے لئے اپنے عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی مفاد کے بیشتر مسائل کو موقعہ پر ہی حل کیا اور حاضرین کو ان کی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کی یقین دہانی کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن کے ہمراہ ایس ڈی ایم رضوان اصغر، تحصیل دار امتیاز احمد اور مختلف محکموں کے دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔ ان اَفسران نے عوام کے ساتھ بات چیت کی ، موقعہ پر ہی حل فراہم کیا اور کمیونٹی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اِنتظامیہ کی لگن کو تقویت دی۔لوگوں نے ضلعی اِنتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان عوامی رَسائی پروگراموں نے لوگوں کے ساتھ براہ راست رابطے کو فروغ دینے ، ان کی آواز کو سننے اور ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کو یقینی بنانے میں اِنتظامیہ کے فعال نقطہ نظر کو اُجاگر کیا ہے۔