بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اَکشے لابرو نے آج کرال پورہ میں ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر کا اِفتتاح کیا اور اِس نئی صحت سہولیت کو عام لوگوں کے لئے وقف کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے این سی ڈی سکریننگ، ڈسپنسری، ٹیسٹنگ لیبارٹری سمیت مختلف وارڈوںاور سہولیات کا معائینہ کیا اور اَدویات اور مشینری کی دستیابی کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر کرالپورہ اِس طرح کا چھٹا طبی مرکز ہے جو گزشتہ چند ماہ میں مکمل ہوا ہے اور اِسی مدت کے دوران عوام کے لئے وقف کیا گیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ایل جی اِنتظامیہ کی ہدایات کے تحت ضلع انتظامیہ بڈگام تمام زیر اِلتوا بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کی تیزی سے تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنرنے کہا کہ اس سے قبل بھی مزہامہ، پہرو، چون، گنڈی پورہ، کنیرا اور دیگر میں پی ایچ سیز اور این ٹی پی ایچ سیز جو کہ برسوں سے زیر اِلتوا تھے، کو مختصر وقت میں مکمل کرکے عوالناس کے لئے وقف کئے گئے۔اُنہوں نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ ضلع بھر میں مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لئے صحت کی تمام سہولیات میں مطلوبہ اَپ گریڈیشن اور بہتری کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کمشنر کے ہمراہ سی پی او بڈگام، ایس ڈی ایم چاڈورہ، سی ایم او، ایکس ای این آر اینڈ بی، تحصیل دار، بی ایم او، ضلعی صحت کے افسران اور دیگر متعلقہ اَفراد موجود تھے۔










