بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اَکشے لابرو نے آج بڈگام کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ضلع بھر میں برف ہٹانے کے کاموں اور ضروری خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے دورے کے دوران ضلع ہسپتال بڈگام کا بھی دورہ کیا اوراُنہوں نے وہاںاَدویات کی دستیابی اور مریضوں کی نگہداشت کا تفصیلی معائینہ کیا۔اُنہوں نے ہسپتال کے معائینے کے دوران بغیر کسی رکاوٹ کے مریضوں کی دیکھ ریکھ کے لئے صحت سہولیات اور ایمبولینس خدمات کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ہدایت دی کہ تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف ڈیوٹی روسٹر پر عمل کریں اور ضلع میں صحت کی تمام سہولیات میں مریضوں کو بغیر کسی رُکاوٹ اور پریشانی کے خدمات کو یقینی بنائیں۔دریں اثنا، اُنہوںنے بڈگام ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بڈگام کے مختلف علاقوں میں برف ہٹانے کے کام اور عام لوگوں کو ضروری خدمات کی فراہمی کا موقعہ پر جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بازار میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو چیک کرنے کے لئے بازاروں کا بھی دورہ کیا۔اُنہوں نے ضلع بھر میں رابطے کی فوری بحالی کے لئے بغیر کسی رُکاوٹ کے برف ہٹانے کا کام کرنے پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام نے کہا کہ آج برفباری شروع ہونے کے فوراً بعد تمام راستوں پر ٹریفک کی ہموار آمدورفت کے لئے تمام علاقوں میں فوری طور پر برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیاہے۔اُنہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مدد کے لئے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم 01951-255291 پر رابطہ قائم کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ اے ڈی سی معراج الدین شاہ، مختلف اِنجینئرنگ وِنگوںکے ایگزیکٹو انجینئران، تحصیل دار، ایم ایس ڈی ایچ بڈگام اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔










