ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے محفوظ اور صحت بخش خوراک پرڈسٹرکٹ لیول ایڈوائزری کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی

بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنربانڈی پورہ شکیل الرحمان راتھرکی زیر صدارت ڈسٹرکٹ لیول ایڈوائزری کمیٹی ( ڈی ایل اے سی ) کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ کا مقصد فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈز ایکٹ 2006 کی عمل آوری کو یقینی بنانا اور ضلع میں اشیائے خوردونوش ، معائینے او رنمونے لینے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔میٹنگ میں فوڈ سیفٹی کے مختلف اَقدامات اور مختلف ایجنسیوں کے کردار پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دوران میٹنگ سلاٹر ہاؤس کی دستیابی، اشیائے خوردونوش کے نمونے لینے، ایٹ رائٹ موومنٹ پر عمل درآمد، تازہ پھل اور سبزی منڈی کی دستیابی اور فوڈ سیفٹی کے علاوہ دیگر اَمور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر شکیل الرحمان راتھر نے خطاب کرتے ہوئے صحت عامہ کے تحفظ اور فوڈ پروڈکٹس کی حفاظت اور معیار پر صارفین کے اعتماد کے لئے فعال اَقدامات کے اہم کردار پر زور دیا۔اُنہوں نے ضلع بھر میں فوڈ سیفٹی ریگولیشنز کی عمل آوری کو مضبوط بنانے اور چیلنجوںسے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے متعلقہ اداروں اورشراکت دارواں کے مابین قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر نے ایف او ایس ٹی اے سی ٹریننگ اینڈ سر ٹیفکیشن ، رجسٹریشن اور لائسنسنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ اَفسران کو رجسٹریشن اور لائسنسنگ کی مناسب نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ مختلف شراکت داروں کی مشترکہ انسپکشن ٹیمیںتشکیل دیں تاکہ باقاعدگی سے مارکیٹ چیکنگ اور اشیائے خورد و نوش کی مناسب سیمپلنگ کی جاسکے ۔شکیل الرحمان نے ایٹ رائٹ سکولوں کی تعداد بڑھانے پر بھی زور دیا اور محکمہ تعلیم کے تعاون سے سکولوں میں ورکشاپوں کو منعقد کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوںنے آنگن واڑی مراکز اور سکولوں میں فورٹیفائیڈ فوڈ کو فروغ دینے کے لئے تربیتی اور بیداری کیمپوں کے اِنعقاد پر بھی زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ اِداروںپر زور دیا کہ وہ آئی سی ڈی ایس اور سکولوں میں فورٹیفائیڈ فوڈ کو فروغ دیں ۔اِس کے علاوہ ایٹ رائٹ سکول کے تحت سکولی بچوں میں فوڈ سیفٹی، نیوٹریشن، حفظان صحت کے بارے میں بیداری پیدا کریں اور انہیں جنک فوڈ کے مضر اثرات سے آگاہ کریں۔اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے تمام فیلڈاَفسروں کو تعاون کی یقین دہانی کی اور ان سے کہا کہ وہ سرکاری پروگراموں کی مناسب عمل آوری کے لئے ذمہ داری کے ساتھ فرائض اَنجام دیں۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر نے ایگزیکٹیو آفیسر ایم سی کو مارکیٹ ائیریا میں صفائی ستھرائی اورمارکیٹ کی باقاعدہ چیکنگ کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی بانڈی پورہ محمد اشرف بٹ، چیف ایجوکیشن آفیسر بانڈی پورہ محمد امین بیگ، نامزد آفیسر فوڈ سیفٹی ظہور احمد شیخ، ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کونسل اعجاز احمد خان، پولیس، صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔