بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے ضلع بھر میں مختلف میگا پروجیکٹ تعمیراتی مقامات بشمول ہادی پورہ، سنگرامہ، دلنہ ا، پلہالن اور دیگر مقامات کا تفصیلی دورہ کیا۔اِس دورے کا مقصد نگرانی بڑھانے، ناخوشگوار واقعات کو روکنے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے معائینے کے دورا ن اَفرادی قوت کے لئے ایک محفوظ کام کے ماحول کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں اور تمام تعمیراتی اور رہائش گاہوں پر مناسب روشنی کو یقینی بنائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر اور ان کی ٹیم نے سائٹ پر موجود کارکنوں سے بات چیت کی اور اُنہیں ان کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لئے انتظامیہ کے عزم کا یقین دلایا۔ اُنہوں نے پروجیکٹ ٹیموں پر زور دیا کہ وہ حفاظتی معیارات پر سمجھوتہ کئے بغیر ڈیڈ لائن کو پورا کرنے کے لئے تعمیراتی کام کو تیز کرتے ہوئے حفاظتی پروٹوکول پر سختی سے عمل کریں۔اُنہوں نے ایک مضبوط سیکورٹی فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اِنتظامیہ مزدوروں کے لئے ایک محفوظ اور سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے پُرعزم ہے جو ان ترقیاتی اَقدامات کا لازمی حصہ ہیں۔دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ کے ہمراہ سینئر سپر اِنٹنڈنٹ آف پولیس بارہمولہ گروندر پال سنگھ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور شبیر احمد رینہ اور سپر اِنٹنڈنٹ آف پولیس سوپور دیویا دیو کے علاوہ دیگر اَفسران اور ملازمین بھی تھے۔










