بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے ڈِی سی آفس کے میٹنگ ہال میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع میں عید میلاد النبیؐ کی تقریبات سعیدکے سلسلے میں اِنتظامات کا جائزہ لیاگیا اور حتمی شکل دی گئی۔ دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں اور سب ڈویژنل مجسٹریٹوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی متعلقہ حدود میں واقع زیارت گاہوںاور مذہبی مقامات کا دورہ کر کے اِنتظامات کا خود جائزہ لیں۔اُنہوں نے زیارت گاہوں اور اِجتماع گاہوں کے آس پاس خصوصی صفائی مہم چلانے پر زور دیا۔ اِس کے علاوہ مناسب ٹرانسپورٹ اور ٹریفک مینجمنٹ، فائر ٹینڈرز کی تعیناتی اور روشنی کے انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ڈِی واٹرنگ پمپ تیار رکھیں اور تمام بالخصوص حالیہ بارشوں اور پانی جمع ہونے کے واقعات کے پیش نظربڑے اِجتماع گاہو ںپر ڈِی فوگنگ سپرے کریں تاکہ پانی سے پیداہونے والی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔اُنہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ زیارت گاہوں کو جانے والی سڑکوں کی مرمت اور مینی ٹیننس کا کام فوری مکمل کیا جائے تاکہ عقیدت مندوںکی آسان آواجاہی کو یقینی بنایا جا سکے۔اس کے علاوہ منگا شیرپا نے پولیس اور دیگر عمل آوری ایجنسیوں کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے ساتھ زیارت گاہوں اور بڑے اجتماع گاہوں میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کرنے پر زور دیا تاکہ اس بابرکت موقعے کو پُرامن اور خوش اسلوبی سے منایا جا سکے۔اُنہوں نے صحت عامہ کی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) کو ہدایت دی کہ وہ بڑے اِجتماع مقامات پر میڈیکل ٹیموں کے ساتھ ایمبولینسز بھی تعینات کریں تاکہ عقیدت مندوں کو موقعہ پر طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایگزیکٹیو انجینئر کے پی ڈی سی ایل کو ہدایت دی کہ تقریبات کے دوران تمام زیارت گاہوں اور اِجتماعی مقامات پر بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں، اُنہوں نے تحصیل داروں ، ایس ایچ اوز اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنی حدود میں مارکیٹ چیکنگ کو مؤثر انداز میں انجام دیں تاکہ ناجائز منافع خوری پر قابو پایا جا سکے اور تقریب سعید کے ایام میں سرکاری نرخوں پر ضروری اشیأ کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ قریبی تال میل اور تعاون سے کام کریں تاکہ عقیدت مندوں کو اس مقدس موقعہ پر کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔










