اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ایس ایف حامد نے وزیر اعظم کے’’سہکار سے سمردھی‘‘کے نظرئیے کے مطابق اور دیہی آبادی کو سستی جنرک اَدویات کی دستیابی کو بڑھانے کے لئے آج یہاں پی ایچ سی سری گفوارہ میں کوآپریٹیو سیکٹر کے تحت پانچویں پردھان منتری بھارتیہ جن اوشدھی کیندر(پی ایم بی جے اے کے)کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے اِفتتاح کے دوران مؤثر اور سستی ادویات کی فراہمی کے لئے پردھان منتری بھارتیہ جن اوشدھی کیندر(پی ایم بی جے اے کے) کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے عوام سے کہاکہ وہ ان مراکز میں طبی خدمات سے اِستفادہ کریں۔اُنہوں نے ضلع میں پانچ پردھان منتری بھارتیہ جن اوشدھی کیندر(پی ایم بی جے اے کے) کا ہدف حاصل کرنے پر کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ کی بھی سراہنا کی۔ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹیز اننت ناگ نے اطلاع دی کہ مرکزی وزارت کوآپریشن نے ہر ضلع میں پردھان منتری بھارتیہ جن اوشدھی کیندر(پی ایم بی جے اے کے) قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اننت ناگ اس مقصد کو حاصل کرنے والا جموں وکشمیریوٹی کا پہلا ضلع ہے جس میں سے چار مراکز ضلعی صحت سہولیات کے اندر واقع ہیں جو چوبیس گھنٹے صحت کی خدمات کو یقینی بناتے ہیں۔اِفتتاح اننت ناگ میں صحت خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔اِس تقریب میں ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹیز اننت ناگ ، اَفسران کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ، ہسپتال انتظامیہ اور ایک بڑے عوامی اجتماع نے شرکت کی۔










