ضلع ترقیاتی کمشنرنے گاندربل میں سیّد قمرالدین بخاری ؒ کے عرس کے اِنتظامات کا جائزہ لیا

گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے ڈی سی آفس گاندربل کے وائس چانسلر روم میں افسران کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں صوفی بزرگ سید قمر الدین بخاری ؒکے عرس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔چھ روزہ تقریب جو 12؍ اگست سے شروع ہونے والی ہے، میں زیارت گاہ پر رات بھر خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔میٹنگ کے آغاز میں بجلی کی فراہمی کے اِنتظامات کو حتمی شکل دینے، پینے کے صاف پانی کی مناسب فراہمی، آگ بجھانے کے اقدامات، ٹریفک اور پارکنگ پلان،بقعہ عالیہ کے ارد گرد صفائی ستھرائی کے اقدامات، صحت اور دیگر متعلقہ انتظامات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میونسپل کونسل گاندربل کو ہدایت دی گئی کہ وہ بقعہ عالیہ کے اندر اور اس کے آس پاس صفائی ستھرائی کو یقینی بنائے اور جہاں بھی ضرورت ہو وہاں سٹریٹ لائٹس اور عارضی موبائل بیت الخلا کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے۔پی ڈی ڈی کو ہدایت دی گئی کہ ایام عرس کے دوران مرکزی مقام پر جن سیٹ کی دستیابی کے علاوہ علاقے میں چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔اِسی طرح پولیس اور ٹریفک حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ زیارت گاہ کی طرف جانے والے راستوں پر حفاظتی اِنتظامات اور ٹریفک قوانین کو یقینی بنائیں۔اے ڈی خوراک ، شہری رسدات اور اَمورِ صارفین محکمہ کو آئندہ عرس کے لئے اناج اور دیگر ضروری اشیاء دستیاب کرنے کی ہدایت دی گئی۔میٹنگ میں ثقافتی پروگراموں، ڈیکوریشن اور شیامیانہ کے اِنعقاد کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی گئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے کہاکہ عرس بڑے جوش وخروش کے ساتھ منایا جائے گا۔ اُنہوں نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں اور عرس کے اَحسن اِنعقاد کے لئے تمام اِنتظامات کو بروقت یقینی بنائیں۔میٹنگ میں اے ڈی سی گاندربل مشتاق احمد سمنانی، اے ایس پی گاندربل، سی پی او، سی ایم او، اے آر ٹی او، ای او ایم سی جی، تحصیل دار گاندربل، قمریہ اوقاف ٹرسٹ کے نمائندے اور دیگر ضلعی اور سیکٹورل افسران نے شرکت کی۔