80سالہ بزرگ شہری اور8سالہ کمسن لڑکا غرقآب
بانڈی پورہ//بدھ کے روز درنگ ٹنگمرگ میں پیش آئے ایک دلدوز حادثے میں 2نوعمر چچازاد بہنوں کی نالہ فیروز پورہ میں ڈوب کر لقمہ اجل بن جانے کے بعدجمعرات کوشمالی کشمیرکے ضلع بانڈی پورہ میں الگ الگ مقامات پرایک 80سالہ بزرگ شہری اورایک8سالہ کمسن لڑکا غرقآب ہوگئے ۔بانگرمحلہ حاجن اور زونی پورہ عشم سونہ واری میں پیش آئے ان المناک حادثات کے بعدغم واندوہ کی لہردوڑ گئی ۔کشمیرنیوزسروس کے مطابق جمعرات کی صبح ضلع بانڈی پورہ کے بانگرمحلہ حاجن میں ایک 80سالہ بزرگ شخص غلام محمد دانتو ولد عبد الرحمن دانتوساکن حاجن،اچانک پائوں پھسل جانے کے بعددریاء جہلم میں ڈوب گیا۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ یہ معمرشخص دریاکے کنارے پرنماز کیلئے وضوبنارہاتھاکہ اس دوران پیرپھسل جانے کے نتیجے میں وہ سیدھے دریائے جہلم میں گرکرڈوب گیا۔مقامی لوگوںنے کشتیوںمیںسوار ہوکرغرقآب ہوئے بزرگ شہری کی تلاش شروع کردی اورکچھ وقت بعداس اسی سالہ معمر شخص کی نعش کوپرنگ علاقہ میںدریاسے برآمد کیاگیا۔پولیس نے اس بارے میں بتایاکہ بانگرمحلہ حاجن میں دریا میںڈوبنے والے شہری 80سالہ بزرگ شخص غلام محمد دانتو ولد عبد الرحمن دانتوکی نعش کوپرنگ کے نزدیک کچھ مچھواروںنے دریامیں دیکھا ،اورپھرنعش کوبرآمد کیا گیا۔ابھی بانگرمحلہ میں بزرگ شہری کی نعش کودریائے جہلم سے برآمد کرنے کی کوشش جاری تھی کہ تحصیل حاجن کے ایک نزدیکی گائوں زونی پورہ میں ایک دس سالہ کمسن لڑکا بھی نہانے کے دوران دریائے جہلم میں ڈوب گیا ۔مقامی ذرائع نے بتایاکہ کچھ نوجوان اوربچے زونی پورہ حاجن میں دریائے جہلم میں نہارہے تھے کہ اس دوران 10سالہ کمسن لڑکا سجاد شبیر شیخ ولد شبیر احمد شیخ ساکن زونی پورہ عشم سونہ واری دریا میں ڈوب گیا۔کمسن لڑکے کے جہلم بردہونے کی خبرپھیلتے ہی یہاں کہرام مچ گیا اوردس سالہ ساجد شبیر کے اہل خانہ اوردوسرے مردوزن اوربچے بڑی تعدادمیں دریا کنارے جمع ہوگئے ،اوراس کمسن لڑکے کی تلاش شروع کی گئی ۔پولیس ذرائع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ حادثہ رونماہونے کے فوراًبعد کمسن لڑکے کی تلاش شروع کردی گئی ،تاہم ابھی تک اس کمسن لڑکے کی نعش کوبرآمد نہیں کیا جاسکاتھا۔بانڈی پورہ پولیس نے بانگر محلہ حاجن اورزونی پورہ عشم سونہ واری میں ایک بزرگ شہری اورایک کمسن لڑکے کے دریائے جہلم میں ڈوب جانے کے حادثات کی مناسبت سے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔










