سرینگر//ضلع اننت ناگ کی سڑکوں پر دہائیوں بعد میکڈم بچھایا گیا جس کے نتیجے میں لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس دوران لوگوں نے امید ظاہر کی ہے کہ دیگر خستہ حال سڑکوں کی بھی تعمیر و مرمت کا کام شروع کیا جائے۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت سڑکوں کی تجدید و مرمت کا کام شروع کیا گیا ہے اور اب تک درجنوں علاقوں کی خستہ حال سڑکوں پر میکڈم بچھایا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اننت ناگ کے مختلف علاقوں کی سڑکوں خاصکر برہ رینی پورہ، شانگس، اچھبل، کوکرناگ، کاچھون،پہلگام، ہرناگ، ہانجی دانتر، آشاجی پورہ روڑ ، ہانگل گنڈ، ڈورو روڑ، دیسو، لیہون، مرگن ٹاپ روڑ ، اشاجی پورہ، منگہال روڑ،لیسر، ڑورو روڑ جو کافی خستہ ہوچکے تھے اور دہائیوں سے ان سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی تھی پر میکڈم بچھایا گیا ہے جس پر ان علاقوں کے لوگوں نے خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سڑکوں پر پیدل چلنا تو دور گاڑیوں میں چلنا بھی دشوار بن گیا تھا کیوں کہ سڑکوں کی خستہ حالی کے سبب گاڑیاں خستہ ہوجاتی تھیں۔ میکڈم بچھانے کے نتیجے میں اب لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ اس ضمن میں جب پی ایم جی ایس وائی کے ایگزکیٹو انجینئر خالد محمود نے سی این آئی نمائندے امان ملک کو بتایا ضلع اننت ناگ میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام بہت پہلے چالو کرنا مطلوب تھا لیکن گزشتہ برس حالات خراب ہوئے اور اس کے فورا بعد کووڈ 19کی وجہ سے لاک ڈاون نافذ کیا گیا جس کے نتیجے میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام ممکن نہیں ہوسکا۔تاہم رواں برس کے اگست ماہ سے ضلع کے مختلف علاقوں میں 145 کلومیٹر خستہ حال سڑکوں کی مرمت کا کام مکمل کیا گیا اور اب تک 45 کلو میٹر سڑکوں پر میکڈم بچھایا گیا جس پر لوگوں نے اطمینان کااظہار کرتے ہوئے محکمہ کا شکریہ بھی اداکیا ہے لیکن جن علاقوں کی سڑکوں پر کام ابھی باقی ہے ان سڑکوں کی مرمت کا کام جلد شروع ہونے کے ساتھ ہی چالو کیاجائے گا تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے نجات ملے۔










