سرینگر//ضلع اننت ناگ میں مویشی چورپھر سے سرگرم ہوئے ہیںجنہوں نے دوران شب ایک شہری کے گائوخانے میں گھس کر 3گائیں اور 3بیل چرالی گئیں ۔ مویشی چوروں کی اس کارروائی پر مقامی لوگوں نے سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس ان مویشی چوروں کو پکڑنے میں ناکام ہوچکی ہے جس کے نتیجے میں اب تک درجنوں اس طرح کے واقعات پیش آئے ہیں ۔جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں مویشی چوری کی وارداتوں میں اگرچہ کسی وقت تک کمی آئی تھی تاہم عید الاضحی سے قبل مویشی چوری کی وارداتیں پھر سے رونماء ہورہی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ شب چوروں نے ایک شہری عبدالرحمان بٹ ساکنہ، کامڈ اننت ناگ کے گائو خانے میں گھس کر وہاں سے قربانی کے جانوروں کو چرالیا جس اس نے عید پر فروخت کرنے کیلئے رکھے تھے ۔ چوروں نے 3گائیں اور تین بیل چرالئے ۔ چوری کی اس واردات پر لوگوں نے سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع میں اب تک اس طرح کے درجنوںواقعات پیش آئے ہیں تاہم ابھی تک ایک بھی معاملے میں کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ لوگوں نے اس سلسلے میں پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور مویشی چوری میں ملوث افراد کی گرفتاری عمل میں لائیں ۔










