جموں کشمیرسروس سلیکشن بورڈ اور پبلک سروس کمیشن کے ذریعے تقرریاں
سرینگر//یو این ایس / صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ نے مریضوں کے بڑھتے دباؤ اور سپیشلائزڈ علاج میں تاخیر کو کم کرنے کیلئے تقریباً 1100 خالی آسامیوں کو پْر کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔یہ بھرتی عملسروس سلیکشن بورڈ اور پبلک سروس کمیشن کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔ڈائریکٹر اسکمز ڈاکتر اشرف گنائی نے بتایا کہ افرادی قوت کی کمی کے باعث خاص طور پر سپر اسپیشلٹی شعبوں میں مریضوں کو مشاورت اور سرجری کیلئے طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جسے یہ اقدام کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کہا کہ ‘‘ہم نے تقریباً 1100 آسامیوں کو بھرتی ایجنسیوں کے سپرد کیا ہے، اور ان کے پْر ہونے کے بعد ادارہ مریضوں کے بڑھتے بوجھ کو بہتر طریقے سے سنبھال سکے گا۔ڈاکٹر گنی کے مطابق اس وقت بھی اسکمز میں انتظار کی مدت دیگر بڑے اداروں کے مقابلے میں کم ہے، جہاں بعض اوقات مریضوں کو مہینوں انتظار کرنا پڑتا ہے، جبکہ اسکمز میں عموماً سپر اسپیشلٹی خدمات کیلئے 6 سے 12 ہفتوں کا وقت درکار ہوتا ہے۔انتظار کے دورانیے کو مزید کم کرنے کیلئے ادارہ او پی ڈی اور آپریشن تھیٹرز میں ڈبل شفٹ شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جو افرادی قوت کی دستیابی کے بعد ممکن ہوگی۔حکام کے مطابق جنرل میڈیسن اور جنرل سرجری کے شعبے روزانہ کی بنیاد پر مریضوں کو خدمات فراہم کر رہے ہیں، تاہم سپر اسپیشلٹی شعبے زیادہ دباؤ کا شکار ہیں۔دریں اثنا، گزشتہ دو برسوں کے دوران اسکمز میں طبی ڈھانچے کو بھی جدید بنایا گیا ہے۔ پرانے اور ناکارہ آلات کو تبدیل کیا گیا ہے جبکہ اہم طبی سہولیات میں موجود خلا کو کافی حد تک پْر کیا گیا ہے۔اہم پیش رفت کے طور پر کینسر کے علاج کیلئے تقریباً 39 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک جدید لائنیر ایکسلریٹر بھی حاصل کیا گیا ہے، جسے آئندہ چند ماہ میں نصب کیا جائے گا، جس سے مریضوں کو جدید علاج کی سہولت دستیاب ہوگی۔










