سری نگر// صوبہ کشمیر بھر میں 77واں یومِ جمہوریہ بڑے جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقعہ پر ضلعی سطح پر مختلف تقریبات کا اِنعقاد کیا گیا۔کشمیر بھر میں ضلعی، سب ڈویژن، تحصیل اور بلاک سطح پر منعقدہ تقریبات کے تمام مقامات پر شاندار پریڈ اور ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے اور قومی پرچم لہرایا گیا۔
بڈگام میں ضلع بھر میں 77واں یومِ جمہوریہ 2026 نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی تقریب سپورٹس سٹیڈیم بڈگام میں منعقد ہوئی جہاں ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ کے دستوں سے سلامی لیا۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے آزادی کے متوالوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کو انگریزوں سے آزاد کر نے کے لئے بے لوث قربانیاں دیں۔اُنہوںنے ضلع میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ عوام کی سرکاری اقدامات میں فعال شمولیت کے باعث ضلع بڈگام ترقی کی راہ گامزن ہے۔اُنہوں نے ضلع انتظامیہ بڈگام کے افسران کے فعال اور مثبت کردار کی ستائش کی جنہوں نے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے انتھک محنت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ نہ صرف جدید طرز کے ڈسٹرکٹ ہسپتال بڈگام کے قیام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا ہے بلکہ پہرو، گنڈی پورہ، مازہامہ، کنیرا، چون اور دیگر مقامات پر زیرِ تعمیر پی ایچ سی مراکز بھی مختصر مدت میں مکمل کر کے عوام کے نام وقف کئے گئے ہیں۔ اُنہوں نے وادی کے کئی اضلاع کو جوڑنے والی رِنگ روڈ کے بنیادی ڈھانچے کی سراہناکی اور ضلع کے دور دراز علاقوں میں سڑکوں کی بلیک ٹاپنگ کے سلسلے میں آر اینڈ بی شعبہ کے تحت ضلع انتظامیہ کی شاندار کارکردگی کو بھی سراہا۔ اُنہوں نے تعلیم، جل شکتی، کے پی ڈی سی ایل اور عوامی فلاحی سکیموں کی کامیابی عمل آوری کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کو بھی اُجاگر کیا۔مارچ پاسٹ میں جے کے پی، جے کے اے پی، سی آر پی ایف، ہوم گارڈز اور سکولی بچوں کے دستوں نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر مختلف فنکاروں اور طلبأنے روف، حب الوطنی کے گیت، لوک گیت، بانگڑا اور بانڈہ پاتھر جیسے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے جنہوں نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔انعامات کی تقسیم کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں مختلف محکموں کے افسران و اہلکاروں کو ان کی مثالی خدمات پر نوازا گیا۔اِس موقعہ پر ایس ایس پی بڈگام نکھل بورکر، ڈی ڈی سی اراکین اور سول، پولیس و نیم فوجی محکموں کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ضلع بڈگام بھر میں سب ڈویژن، بلاک اور تحصیل سطح پر بھی یومِ جمہوریہ کی تقریبات منعقد کی گئیں۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر ڈی سی آفس کمپلیکس اور اپنی رہائش گاہ پر بھی قومی پرچم لہرایا اور عوام کو یومِ جمہوریہ کی مُبارک باد دِی۔
بانڈی پورہ میں آج ضلع بھر میں 77واں یومِ جمہوریہ بڑے جوش و خروش، حب الوطنی کے جذبے اور عوامی شرکت کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی تقریب ایس کے سٹیڈیم بانڈی پورہ میں منعقد ہوئی۔اِس موقعہ پر چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) بانڈی پورہ عبدالغنی بٹ نے قومی ترنگا لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ کے دستوں سے سلامی لی۔ پریڈ میں سی آر پی ایف تھرڈ بٹالین، جموں و کشمیر پولیس ایگزیکٹو وِنگ، آئی آر پی اکیسویں بٹالین، جموں و کشمیر پولیس خواتین بٹالین، جموں و کشمیر فارسٹ ڈویژن بانڈی پورہ، سپیشل پولیس آفیسرز، جموں و کشمیر ہوم گارڈز، این سی سی کیڈٹس اور سکولی طلبأ کے دستے شامل تھے۔ تقریب میں رُکن قانون ساز اسمبلی بانڈی پورہ نظام الدین بٹ ، پرنسپل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بانڈی پورہ جیما بشیر، ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ اندو کنول چِب، ایس ایس پی بانڈی پورہ اعجاز احمد زرگر، وائس چیئرپرسن ڈی ڈی سی کوثر شفیق، ڈی ڈی سی اراکین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، عدلیہ، ضلع انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران، بزرگ شہری اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے ۔چیئر مین ڈِی ڈِی سی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یومِ جمہوریہ کی تاریخی اور جمہوری اہمیت پر روشنی ڈالی اور ضلع میں گزشتہ برسوں کے دوران ہونے والی مسلسل ترقی کا ذکر کیا۔ اُنہوں نے بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت اور سماجی بہبود جیسے شعبوں میں اُٹھائے گئے اہم اقدامات کا خاکہ پیش کیا اور جامع ترقی، شفاف طرزِ حکمرانی اور بہتر عوامی خدمات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔پروگرام میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبأ کی جانب سے پیش کئے گئے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی شامل تھے جن میں روایتی موسیقی اور لوک رقص کے ذریعے خطے کے بھرپور ثقافتی ورثے کو اُجاگر کیا گیا۔ضلع ترقاتی کمشنر بانڈی پورہ اندو کنول چِب نے منی سیکرٹریٹ بانڈی پورہ اور اپنی رہائش گاہ پر قومی پرچم لہرایا۔اسی دوران ضلع بھر میں سب ڈویژن، تحصیل اور بلاک سطح پر بھی یومِ جمہوریہ کی تقریبات منعقد ہوئیں۔سب ڈویژن سمبل میں اری گیشن کالونی میں قومی پرچم لہرایا گیا جبکہ گریز اور ضلع کے تمام دفاتر، ڈگری کالجوں اور تعلیمی اداروں میں بھی اسی نوعیت کی تقریبات منعقد ہوئیں اور حب الوطنی کے جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ یہ دِن منایا گیا۔
کولگام میں 77واں یومِ جمہوریہ نہایت جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی تقریب ڈِسٹرکٹ پولیس لائنز (ڈی پی ایل) کولگام میں منعقد ہوئی۔اِس موقعہ پر چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل (ڈِی ڈِی سی)کولگام محمد افضل پرے نے قومی پرچم لہرایا اور شاندار مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔پریڈ میں سی آر پی ایف، جموں و کشمیر پولیس، آئی آر پی، جے کے پی خواتین دستہ، پولیس بینڈ، ہوم گارڈز، این سی سی کیڈٹس اور طلبأ کے دستوں نے شرکت کی۔اِس تقریب میں ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اطہر عامر خان ، ایس ایس پی کولگام عنایت علی چودھری، ڈِی ڈِی سی اراکین، سول و پولیس اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔چیئرمین ڈِی ڈِی سی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یومِ جمہوریہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو 1950 میں آئینِ ہند کی منظوری اور ملک کے جمہوریہ بننے کی علامت ہے۔اُنہوں نے تعلیم، صحت، زراعت اور اس سے منسلک شعبوں، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اور خواتین و نوجوانوں کو بااختیار بنانے سمیت مختلف اہم شعبوں میں حاصل کی گئی ترقی کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے شروع کی گئی مختلف ترقیاتی سکیموں کی تفصیل بیان کی اور کہا کہ ضلع کولگام نے ڈِسٹرکٹ کیپیکس، ایم جی نریگا، جل جیون مشن ، ایچ اے ڈی پی، پی ایم اے وائی۔جی، کھیل اور دیگر شعبوں میں متعدد ترجیحی منصوبوں کے تحت قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔اِسی طرح کی تقریبات سب ڈویژن ڈی۔ایچ۔ پورہ میں بھی منعقد کی گئیں جہاں ایس ڈی ایم بشیر الحسن نے قومی پرچم لہرایا۔ اِس کے علاوہ تحصیل اور بلاک ہیڈکوارٹروں، سکولوں، کالجوں، پنچایتوں، پولیس سٹیشنوں اور دیگر اِداروں میں بھی یومِ جمہوریہ کی تقریبات منعقد کی گئیں۔
بارہمولہ میں 77ویں یومِ جمہوریہ کے موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے ڈی سی آفس کمپلیکس میں ترنگا لہرا کر سلامی لی۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ سید الطاف حسین موسوی، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ارشد احمد خان، چیف پلاننگ آفیسر بارہمولہ نثار احمد، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر بارہمولہ افتخار نسیم اور دیگر ضلع افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے اِس موقعہ پر لوگوںکو دلی مُبارک باد پیش کی اور اُن بے شمار مجاہدین آزادی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جن کی جرأت، قربانیوں اور انتھک جدوجہد نے ہندوستان کی آزادی کی بنیاد رکھی۔منگا شیرپا نے کہا کہ یومِ جمہوریہ ہر بھارتی کے لئے لمحہ فخریہ ہے کیوں کہ یہ ان جمہوری نظریات اور آئینی اَقدار کی پاسداری کی علامت ہے جو قوم کی رہنمائی کرتی ہیں۔اُنہوں نے اتحاد، امن اور ہمہ گیر ترقی کی اہمیت پر زوردے کر شہریوں سے کہاکہ وہ جمہوری اَقدار کی پاسداری کریں، ضلع کی ترقی کے لئے مل جل کر کام کریں اور ایک مضبوط و خوشحال ہندوستان کی تعمیر میں اَپنا کردار ادا کریں۔
کپواڑہ میںسرحدی ضلع کپواڑہ میں آج 77واں یومِ جمہوریہ بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔یومِ جمہوریہ کی مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کپواڑہ میں منعقد ہوئی جہاں چیئرمین، ضلع ترقیاتی کونسل کپواڑہ عرفان سلطان پنڈتپوری نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ اِس مارچ پاسٹ میں جے کے پی، جے کے اے پی، سی آر پی ایف، آئی آر پی، ہوم گارڈز، ایف پی ایف، سپیشل کمانڈوز، پولیس بینڈ اور سکولی بچوں کے دستے شامل تھے۔ اِس کے علاوہ پریڈ کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے خوبصورت جھانکیاں (ٹیبلوز) بھی پیش کی گئیں جن میں ترقیاتی کامیابیوں اور فلاحی سکیموں کی جھلک دِکھائی گئی۔اِس موقعہ پر نائب چیئرمین ڈی ڈی سی حاجی فاروق احمد میر، ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ شری کانت سوسے، ایس ایس پی کپواڑہ سید الطاہر گیلانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کپواڑہ مفتی فرید الدین، اے ڈی سی کپواڑہ گلزار احمد خان، ڈی ڈی سی اراکین، پولیس و فوج کے افسران، ضلع افسران، تمام محکموں کے اہلکار، مختلف علاقوں لوگ اور مختلف تعلیمی اِداروں کے طلبأ بڑی تعداد میں موجود تھے۔چیئرمین ڈِی ڈِی سی نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کپواڑہ کے لوگوںکو یومِ جمہوریہ کی دلی مُبارک باد دِی اور اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ قومی یکجہتی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ضلع میں اَمن کے فروغ کے لئے مل جل کر کام کریں۔اُنہوںنے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقوں بالخصوص دیہی اور دُور دراز علاقوں کی ترقی حکومت اور ضلعی اِنتظامیہ کی اوّلین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے ضلع کی مجموعی ترقی کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کپواڑہ کی جانب سے اُٹھائے گئے مختلف اَقدامات کو بھی اجاگر کیا۔چیئرمین نے ضلعی انتظامیہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر کپواڑہ شری کانت سوسے کی قیادت میں ضلع نے سماجی، معاشی اور ترقیاتی محاذوں پر قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ اور ان کی ٹیم کو عوامی خدمات کی فراہمی اور شفافیت کے لئے بہترین کوششوں پر مُبارک باد دِی ۔ اُنہوں نے کہا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج کے قیام اور دیہی علاقوں میں صحت سہولیات کی بہتری کے بعد کپواڑہ میں صحت خدمات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ہائی وے کی تعمیر سمیت بڑے منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے اور ریلوے لائن کی تعمیر کا کام بھی شروع ہو گیا ہے۔چیئرمین نے بتایا کہ ڈِسٹرکٹ کیپکس بجٹ 2025-26 کے تحت 109.07 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیںجن میں سے 3352 کاموں کی منظوری دی گئی ہے اور ان میں سے 1000 کام مکمل ہو چکے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بجلی شعبے میں نئے ریسونگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں اور موجودہ سٹیشنوں کو اَپ گریڈ کیا گیا ہے۔ اِس کے علاوہ ٹرانسفارمروں کا مناسب بفر سٹاک بھی دستیاب کیا گیا ہے جس سے ضلع میں بجلی شعبے کی مجموعی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔اُنہوں نے پانی کی فراہمی کے بارے میں کہا کہ جل جیون مشن کے تحت بڑے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں تاکہ ہر گھر تک پینے کا پانی پہنچایا جا سکے۔اُنہوں نے تعلیمی حوالے سے کہا کہ حالیہ برسوں میں ضلع میں سکولوں کے بنیادی ڈھانچے میں زبردست تبدیلی آئی ہے۔ 398 سمارٹ کلاس روموں، کھیل کے میدان اور دیگر سہولیات کے قیام کے ذریعے طلبأ کو بہتر انفراسٹرکچر اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں۔اُنہوں نے سڑکوں کی میکڈیمائزیشن، سیاحت، زراعت اور اس سے منسلک شعبوں سمیت دیگر مختلف ترقیاتی کاموں کو بھی اُجاگر کیا۔اِس سے قبل چیئرمین،ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ اور ایس ایس پی کپواڑہ نے شہدأ میموریل پرگل دائرے چڑھائے۔
پلوامہ میں 77واں یومِ جمہوریہ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز (ڈی پی ایل) میں بڑے قومی جوش و جذبے اور عوامی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا جہاں معاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اس تاریخی موقع کو جوش و خروش اور فخر کے ساتھ منانے کے لئے شرکت کی۔ چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) سید عبدالباری اندرابی نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب کی رونق بڑھائی۔ اُنہوں نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔تقریب میںضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم، ایس ایس پی پلوامہ تنوشری، پولیس، فوج، فضائیہ، نیم فوجی دستوں اور سول اِنتظامیہ کے سینئر افسران موجود تھے ۔ بزرگ شہریوں، شہدأکے اہلِ خانہ، سماجی کارکنوں، طلبأ، نوجوانوں، سول سوسائٹی کی تنظیموں کے اراکین اور بڑی تعداد میں عام لوگوں نے بھی تقریبات میں شرکت کی۔اِس موقعہ پر منتخب نمائندوں میں رُکن قانون ساز اسمبلی راجپورہ غلام محی الدین میر، نائب چیئرمین ڈی ڈی سی اور دیگر ڈی ڈی سی اراکین بھی موجود تھے۔مارچ پاسٹ میں جے کے پی، جے کے اے پی، لیڈیز پلاٹون، سی آر پی ایف کی 182ویں اور 183ویں بٹالین، آئی آر پی کی 10ویں بٹالین، ہوم گارڈز، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، این سی سی کیڈٹوں اور مختلف تعلیمی اِداروں کے طلبأ کے دستوں نے حصہ لیا۔تقریبات کو رنگا رنگ ثقافتی پروگراموں نے مزید دلکش بنا دیا جن میں لوک گیت، روف، روایتی رقص، سریلی موسیقی اور سنتور کی دھنیں شامل تھیں۔ ان پروگراموں نے خطے کے بھرپور ثقافتی ورثے کی خوبصورت عکاسی کی اور انہیں قومی ترانے ’’وندے ماترم‘‘ کے موضوع کے ساتھ جوڑا گیا، جو کثرت میں وحدت کا پیغام دیتا ہے۔چیئرمین ڈِی ڈِی سی نے سے اِجتماع خطاب کرتے ہوئے ضلع میں شروع کی گئی اہم ترقیاتی پہل قدمیوں اور فلاحی اقدامات کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے ضلع کی اہم کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پلوامہ کے بلاک ایچی گوزا نے نیتی آیوگ کے اسپریشنل بلاکس پروگرام کے تحت کیو4 (جنوری تا مارچ 2024-25) ڈیلٹا رینکنگ میں ملک بھر کے 500 بلاکوں میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پلوامہ ضلع کو وزیر اعظم کے اتم نربھر بھارت کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں نمایاں کارکردگی پر نیشنل او ڈی او پی ایوارڈ 2024 (سلور) سے بھی نوازا گیا ہے۔ چیئرمین نے ضلع کے ثقافتی مقامات کے تحفظ اور بحالی کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ ضلع اپنے شاندار ثقافتی ورثے اور تاریخی مقامات کے تحفظ کے ساتھ مسلسل اوردیرپا ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔تقریب کا اختتام ایک اعزازی تقریب پر ہوا جس میں پریڈ کے دستوں اور ثقافتی فنکاروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔اسی طرح پر ڈی پی ایل اونتی پورہ اور سب ڈویژن ترال میں بھی بڑی تقریبات منعقد کی گئیں۔ اِس کے علاوہ ضلع بھر میں سب ڈویژنل ہیڈکوارٹروں، تحصیل اور بلاک حلقوں، پنچایت گھروں، کسان خدمت گھروں (کے کے جیز)، ضلعی انتظامیہ کے دفاتر، تعلیمی اداروں، پولیس سٹیشنوں اور دیگر پولیس و سی آر پی ایف مراکز میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔
گاندربل میں 77واں یومِ جمہوریہ بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا جس کی مرکزی تقریب قمریہ سٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔اِس موقعہ پر چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) گاندربل نْزہت اشفاق نے قومی پرچم لہرایا اور سلامی لی۔ ایک شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا گیا جس میں سی آر پی ایف، ایس ایس بی، جموں و کشمیر پولیس، جے کے اے پی 14 بٹالین، پی ٹی ایس منی گام، فارسٹ پروٹیکشن فورس، ہوم گارڈز، پولیس بینڈ اور ضلع کے مختلف سکولوں کے طلبأ کے دستوں نے شرکت کی۔اس برس یومِ جمہوریہ کی تقریبات کا موضوع ’وندے ماترم‘رہاجو قومی ترانے کے 150 سال مکمل ہونے کی یادگار ہے،اور ’اتم نربھر بھارت ‘جو قومی فخر اور خود انحصاری کی علامت ہے۔اُنہوں نے اَپنے خطاب میں گاندربل کے عوام کو یومِ جمہوریہ کی مبارکباد دی اور مجاہدین آزاد ی کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اُنہوں نے 26؍ جنوری کی تاریخی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ اسی دن 1950 میں آئینِ ہند نافذ ہوا تھا۔اُنہوں نے ضلع میں مختلف شعبوں میں حاصل ہونے والی اہم ترقیاتی کامیابیوں اور رواں مالی برس کے دوران فلاحی سکیموں کی مؤثرعمل آوری کا خاکہ بھی پیش کیا۔ اُنہون نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ بھارت دنیا کی کامیاب ترین جمہوریتوں میں سے ایک ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر، بشمول ضلع گاندربل، ہمہ جہت ترقی پر نئے سرے سے توجہ کے ساتھ ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔چیئرپرسن نے انتظامیہ کی اہم ترجیحات پر بھی روشنی ڈالی جن میں عوامی تحفظ، خدمات کی بہتر فراہمی، خواتین کو بااختیار بنانا، عوامی صحت میں بہتری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا شامل ہیں۔انہوں نے ڈی ڈی سی اراکین کے عوامی سطح پر رابطے اور فلاحِ عامہ کے لئے ان کی وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترے ہیں۔ضلع کے مختلف سکولوں کے طلبأنے ’وندے ماترم‘ کے موضوع پر مبنی شاندار قومی و ثقافتی پروگرام پیش کئے جو قومی ترانے کے 150 سال مکمل ہونے کی یاد میں منعقد کئے گئے تھے۔
شوپیان میںآج ضلع پولیس لائنز (ڈی پی ایل) میں 77واں یومِ جمہوریہ بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا جہاں چیئرپرسن ڈی ڈی سی شوپیان بلقیس جان نے قومی پرچم لہرایا، مارچ پاسٹ پر سلامی لی اور جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف، ہوم گارڈز، فاریسٹ پروٹیکشن فورس، جموں و کشمیر پولیس وومن وِنگ اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبأپر مشتمل دستوں کی پریڈ کا معائینہ کیا۔اس تقریب میں پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج محمود احمد چودھری، ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان شِشِر گپتا، ایس ایس پی شوپیان مشتاق احمد چودھری، ضلع کے ڈی ڈی سی اراکین، فوج اور نیم فوجی دستوں کے افسران، ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکار اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوںنے شرکت کی۔ڈِی ڈِی سی چیئرمین نے اپنے خطاب میںمجاہدین آزادی اور شہدأ کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی خودمختاری اور اتحاد کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔ اُنہوںنے یومِ جمہوریہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے آئینِ ہند میں درج جمہوریت، اتحاد اور مساوات کی قدروں کو اجاگر کیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی تعمیر اور ترقیاتی سرگرمیوں میں سرگرم کردار ادا کریں۔تقریبات میں سکولی بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے والے شاندار ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے جس کے بعد نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کی اعزاز بخشی کی تقریب منعقد ہوئی۔ سماجی بہبود، صحت، سماجی سرگرمیوں، نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا، اختراع کار، نوجوان سائنس دانوں، کھلاڑیوں، میڈیا سے وابستہ افراد اور مختلف محکموں کے اہلکاروں کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا۔یومِ جمہوریہ کی تقریبات منی سیکریٹریٹ شوپیان میں بھی منعقد ہوئیں جہاںضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان شِشِر گپتا نے افسران و عملے کی موجودگی میں قومی پرچم لہرایا۔ایس ڈی ایم زینہ پورہ بلال احمد نے زینہ پورہ میں قومی پرچم لہرایا۔اسی طرح کی تقریبات ضلع کے دیگر دفاتر میں بھی منعقد کی گئیں۔










