Kathua-Republic Day celebrations

صوبہ جموں میں یومِ جمہوریہ کی تقریبات

ڈی ڈی سی چئیر پرسنز نے ضلع ہیڈ کوارٹرز پر ترنگا لہرایا

جموں//پورے جموں صوبہ میں یومِ جمہوریہ کی تقریبات حب الوطنی کے جذبے اور تہوار کے ساتھ منائی گئیں ۔ اس دن میں متاثر کُن مارچ پاسٹس اور مختلف قسم کے ثقافتی پروگراموں کا مشاہدہ کیا گیا جس میں حب الوطنی کے گیت ، لوک رقص اور موسیقی پیش کی گئی جس میں کووڈ کے مناسب رویے پر سختی سے عمل کیا گیا ۔
سانبہ میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے چئیر مین کیشو دت شرما نے اسپورٹس اسٹیڈیم ارازی میں قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کا معائینہ کیا اور دپٹی ایس پی دیویندر سنگھ اور جموں و کشمیر کے ڈپٹی پریڈ کمانڈنٹ ایس آئی سوہن سنگھ کی قیادت میں مارچ پاسٹ کی سلامی لی ۔ پریڈ میں آرمی ، بی ایس ایف ، آئی ٹی بی پی ، ہوم گارڈ ، گورنمنٹ گرلز اور بوائیز ہائیر سکینڈری اسکولوں کے این سی سی کیڈٹس کے دستے شامل تھے ۔آرمی بینڈ اور ٹروپس اسکواڈ بھی پریڈ کا حصہ تھے ۔ اپنے خطاب میں ضلع ترقیاتی کونسل کے چئیر مین نے آزادی کے 73 برسوں میں ہندوستان کی تیز رفتار ترقی کا ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے لوگ ہند کے عظیم جدو جہد آزادی کے مرہون منت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی قیادت میں ایک طویل جدو جہد کے بعد آزادی حاصل کرنے کے بعد ہندوستان نے سائنس ، ٹیکنالوجی ، خلائی ایجنسیوں ، اقتصادیات ، صنعتوں میں بڑی ترقی کی ہے اور ترقی کی تیز رفتار شرح ریکارڈ کی ہے ۔ یومِ جمہوریہ کے پروگرام کے خصوصی مدعو افراد میں شہداء کے خاندان ، سابق فوجی ، گیلنٹری ایوارڈ یافتہ ، پی آر آئی کے ارکان اور دیگر ممتاز شہری شامل تھے ۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے مثالی کام کی اخلاقیات اور پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے والے ضلعی افسران کو یادگاری نشانات اور تعریفی اسناد بھی پیش کئے ۔
ڈوڈہ ۔ 73 واں یوم جمہوریہ اسپورٹس اسٹیڈیم ڈوڈہ میں بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا جس میں مہمانِ خسوصی چئیر مین ضلع ترقیاتی کونسل دھننتر سنگھ کوتوال نے ترنگا لہرایا اور جے کے پی ، سی آر پی ایف ، ایس ایس بی ، جے کے اے پی ، جے کے پی ، ایف پی ایف ، این سی سی جونئیر ، این سی سی سینئر ، ہوم گارڈ اور جی ڈی سی ڈوڈہ کے متعدد طلباء کے علاوہ مختلف سکولوں کے دستوں پر مشتمل مارچ پاسٹ کی سلامی لی ۔ وائس چئیر پرسن ڈی ڈی سی سنگیتا رانی بھگت ، ڈپٹی کمشنر وکاس شرما ، ایس ایس پی عبدالقیوم ، صدر ایم سی ڈوڈہ وید پرکاش گپتا ، ڈی ڈی سی ممبران کے علاوہ اعلیٰ ضلعی افسران اس موقع پر موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چئیر مین ڈی ڈی سی نے یومِ جمہوریہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ ہندوستان کی تاریخ کا سب سے اہم دن ہے کیونکہ اس دن ہندوستان کا آئین طویل جدو جہد کے بعد نافذ ہوا اور ہمارا ملک ایک جمہوری ملک بن گیا ۔ بعد ازاں ڈی ڈی سی چئیر مین ، وائس چئیر پرسن ، ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ، ایس ایس پی ڈوڈہ نے ثقافتی اشیاء اور پریڈ وغیرہ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے طلباء میں ٹرافیاں تقسیم کیں ۔
راجوری میں ۔ 73 واں یومِ جمہوریہ پورے راجوری ضلع میں بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ یہ تقریبات ضلعی ہیڈ کوارٹرز ، تمام اضافی اضلاع ، سب ڈویژنوں اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز اور پنچائتوں میں منعقد کی گئیں ۔ ڈی پی ایل گراؤنڈ راجوری میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں مہمانِ خصوصی ضلع ترقیاتی کونسل کے چئیر مین نسیم لیاقت نے قومی پرچم لہرایا اور سلامی لی ۔ مارچ پاسٹ میں جے کے اے پی ، جے کے ایگزیکٹو پولیس ، جے کے پولیس بینڈ ، سی آر پی ایف ، جے کے ایف پی ایف اور ایس پی او ، این سی سی سینئر بوائیز اینڈ گرلز ، این سی سی جے یو او بوائیز اور مختلف اسکولوں کے دستوں نے حصہ لیا ، جبکہ ڈی وائی ایس پی پورپکار سنگھ نے پریڈ کی کمانڈ کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل ، ڈی آئی جی راجوری پونچھ وویک گپتا ، ایس ایس پی محمد اسلم ، کمانڈنٹ آئی آر پی سیکنڈ بٹالین خالد امین ، اے ڈی ڈی سی پون کمار ، اے ڈی سی راجوری سچن دیو سنگھ کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ ڈی ڈی سی چئیر مین نے راجوری کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارے قائدین کی جانب سے ملک کیلئے بہترین آئین کے مسودے کی تیاری میں کئے گئے کام کی یاد دہانی کے طور پر کھڑا ہے اور یہ آئین 26 جنوری 1950 کو نافذ ہوا تھا ۔
اودھمپور ۔ ضلع اودھمپور میں 73 واں یومِ جمہوریہ بڑے حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ مرکزی تقریب گورنمنٹ پی جی کالج بوائیز اودھمپور کے احاطے میں منعقد ہوئی جس میں ضلع ترقیاتی کونسل کے چئیر پرسن اودھمپور لال چند مہمان خصوصی تھے جنہوں نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ بڑے اجتماع کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈی ڈی سی کی چئیر پرسن نے کہا کہ آزاد ہندوستان کا آئین 26 جنوری 1950 کو نافذ کیا گیا تھا جو ملک کے ہر شہری کو بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے دوہرایا کہ 26 جنوری 1950 کو ہم جمہوریہ کے لوگوں نے اس آئین کو اپنایا جسے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی سربراہی میں ایک کمیٹی نے تشکیل دیا تھا ۔
کشتواڑ میں ۔ 73 واں یومِ جمہوریہ آج پورے ضلع کشتواڑ میں بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ مرکزی تقریب جو ڈی سی آفس کمپلیکس کشتواڑ کے احاطے میں منعقد ہوئی، چئیر پرسن ضلع ترقیاتی کونسل کشتواڑ پوجا ٹھاکر اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھیں جنہوں نے ترنگا لہرایا ، پریڈ کا معائینہ کیا اور پولیس ، آئی آر پی ، سی آر پی ایف ، سی آئی ایس ایف ، فاریسٹ پروٹیکشن فورس ، ہوم گارڈز اور جی ڈی سی کشتواڑ کی این سی سی بٹالین کے بوائیز اینڈ گرلز ونگ سے مارچ پاسٹ کی سلامی لی ۔ وائس چئیر پرسن ضلع ترقیاتی کونسل کشتواڑ صائمہ شبیر لون ، ڈپٹی کمشنر اشوک شرما ، ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بھٹ ، سی او آئی آر پی راجیش شرما کے علاوہ اعلیٰ حکام نے تقریب میں شرکت کی ۔ لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈی ڈی سی چئیر پرسن نے کہا کہ اس دن کی بہت اہمیت ہے کیونکہ اس دن ہندوستان ایک سیکولر ، خود مختار ، سوشلسٹ اور جمہوری ملک بنا ۔ انہوں نے قومی اہمیت کے اس پرمسرت موقع پر کشتواڑ کے لوگوں کو مبارکباد پیش کی اور سبھی سے آئینی اقدار اور اخلاقیات کو صحیح معنوں میں برقرار رکھنے کی خواہش کی ۔
ریاسی میں ۔ آج یہاں جنرل زوراور سنگھ اسپورٹس اسٹیڈیم ریاسی میں 73 واں یومِ جمہوریہ حب الوطنی کے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔ چئیر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ( ڈی ڈی سی ) ریاسی صراف سنگھ ناگ جو مہمانِ خصوصی تھے نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی جس میں جے اینڈ کے پولیس ، سی آر پی ایف ، آئی آر پی ، جے کے ہوم گارڈز ، این سی سی بوائیز کے دستے شامل تھے ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چئیر پرسن نے ضلع کے لوگوں کی طرف سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور تنوع میں اتحاد کی تعریف کی ۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں ضلع کے ترقیاتی اقدامات اور آزادی کے بعد ملک کی کامیابیوں بشمول کامیاب’ مشن مارس ‘ پر روشنی ڈالی ۔
کٹھوعہ ۔ ضلع کٹھوعہ میں 73 ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات حب الوطنی اور جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئی ۔ میگا تقریب اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد ہوا جہاں ڈی ڈی سی چئیر پرسن مہان سنگھ نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی جس میں فوج ، پولیس ، پی ٹی ایس ، سی آر پی ایف اور این سی سی بوائیز اینڈ گرلز ونگ شامل تھے ۔ لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈی ڈی سی نے کہا کہ اس دن کی بہت اہمیت ہے کیونکہ اسی دن ہندوستان سیکولر ، خود مختار ، سوشلسٹنگ اور جمہوری ملک بنا ۔ آزادی پسندوں کی شراکت کو یاد کرتے ہوئے ڈی ڈی سی چئیر پرسن نے کہا کہ آزادی ان لوگوں کی بے شمار قربانیوں کے ذریعے حاصل کی گئی ہے جو ہر چیز سے اوپر اُٹھ کر اس مقصد کیلئے بے لوث تعاون کرتے ہیں ۔
رام بن میں ۔ چئیر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل رام بن ڈاکٹر شمشاد شان نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری اسکول رام بن میں قومی پرچم لہرایا جہاں 73 ویں یومِ جمہوریہ منانے کیلئے ضلعی سطح کی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ اس تقریب میں ڈپٹی کمشنر مسرت اسلام ، صدر ایم سی رام بن سنیتا سمبریا ، ڈی ڈی سی کونسلرز ، ایس ایس پی رام بن موہتا شرما ، اے ڈی ڈی سی راجندر شرما کے علاوہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ ڈی ڈی سی چئیر پرسن نے جے کے پی ، آئی آر پی ، سی آر پی ایف ، ہوم گارڈ اور آرمی بینڈ کے دستوں پر مشتمل پریڈ کا معائینہ کیا اور سلامی لی ۔ مقامی لوگوں ، طلباء ، افسران اور سرکاری ملازمین سمیت پرجوش سامعین کو خوش آمدید کہنے کے بعد انہوں نے رواں سال کے دوران ضلع میں ہونے والی اہم ترقیاتی سرگرمیوں کا مختصر احوال دیا ۔
پونچھ ۔ یہاں اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں 73 واں یومِ جمہوریہ بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ مہمانِ خصوصی چئیر پرسن ضلع ترقیاتی کونسل پونچھ تمیم اختر نے ترنگا لہرایا اور پولیس بینڈ کے ساتھ سی آر پی ایف ، جے کے پی ، جے کے اے پی ، ہوم گارڈ ، جے کے پی کیو آر ٹی کمانڈو ، این سی سی کیڈٹس کے دستوں پر مشتمل مارچ پاسٹ کی سلامی لی ۔ ڈی وائی ایس پی سچن گپتا پریڈ کمانڈر تھے ۔ مہمان خصوصی نے اہل وطن کو مبارکباد دی اور ملک کے اتحاد و سالمیت کو برقرار رکھنے کیلئے قانون سازوں کے کردار اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو یاد کیا ۔ عوام کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ اس پروگرام میں وائس چئیر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ، ڈی ڈی سی ممبران ، ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس پی ، جج صاحبان ، بی ڈی سی چئیر پرسنز ، بار ایسوسی ایشن کے ممبران ، قانون سازوں ، میڈیا پرسنز ، ممتاز اور بزرگ شہریوں نے شرکت کی ۔