سری نگر//صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے نے سری نگر سیمی رِنگ روڈ ( ایس آر آر) پر پاور ٹرانسمیشن کی یوٹیلیٹی شفٹنگ سے متعلق ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ، پی ڈی سی ایل ، کے پی ٹی سی ایل ، پی ڈبلیو ڈی ، آر اینڈ بی ، پی ایچ اِی ، آئی اینڈ ایف سی کے چیف اِنجینئران ،جنرل منیجر پی جی سی آئی ایل کشمیر ، پروجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ اے آئی ، سری نگر چیف پروجیکٹ منیجر این کے سی پروجیکٹس پرائیویٹ لمٹیڈ اور سٹریلائٹ پاور سری نگر کے نمائندوں نے شرکت کی۔میٹنگ میں سری نگر سیمی رِنگ روڈ پر یوٹیلٹی شفٹنگ کی ذمہ داری پر غور کیا گیا ۔ بتایا گیا کہ یوٹیلٹی شفٹنگ کی ذمہ داری ٹینڈر کے دائرہ کار میں شامل ہے اور اسے متعلقہ ٹھیکیدار نے اَنجام دینا ہے ۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ بڈگام میں ایس آر آر کے تحت آنے والے 23پاور ٹرانسمیشن ٹاروں کو دوسری جگہ منتقل کیا جانا ہے جبکہ سری نگر میں 2ٹاور ، پلوامہ میں 3ٹاوروں کو بھی منتقل کیا جانا ہے۔مزید برآں، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول ، پی ایچ ای اور پی ڈبلیو ڈی کی اَفادیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جنہیں ایس آر آر کی وجہ سے منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر نے متعلقہ اَفسران کو یوٹیلیٹیز کی کے ایم زیڈ فائل کو عمل آوری ایجنسی کے ساتھ شیئر کرنے کی ہدایت دی تاکہ ٹھیکیدار کے لئے یوٹیلیٹیز کو منتقل کرنے کے لئے جگہوں کی شناخت آسان ہوجائے۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام کو بھی ہدایت دی کہ وہ پاور ٹاوروں کو منتقل کرنے کے لئے جگہوں کی نشاندہی کے بعد اراضی کی حصول کا عمل جلد شروع کریں۔اُنہوں نے پروجیکٹ منیجر این ایچ اے آئی کو بھی ہدایت دی کہ نہروں کے راستے ، فلڈ چینلوں اور نکاسی آب نظام کے نیٹ ورک کو برقرار رکھنے کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ مستقبل میں گرمیوں کے دوران سیلاب کی صورتحال پیدا نہ ہو۔اُنہوں نے انہیں قاضی گنڈ سے پلوامہ تک تعمیر کی جانے والی سڑکوں پر مختلف مقامات پر پُل تعمیر کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ بارش کے پانی میں سیلاب سے بچاجاسکے۔صوبائی کمشنر کشمیر نے انہیں ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ماضی کی غلطیون کو نہ دُہرایا جائے جس کی وجہ سے 2014ء میں سیلاب آیا اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر اِس منصوبے کو احتیاط سے چلایا جائے۔










