سری نگر// جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے دورہ جموں و کشمیر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف صدر جمہوریہ کو اس دورے سے یہاں کے معاملات کا گہرائی سے تجزیہ کرنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بہتر تعلقات جموں و کشیمیر کے لئے سب سے اچھی بات ہے۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘صدر جمہوریہ کی جموں وکشمیر آمد انتہائی خوش آئند بات ہے۔ اس دورے سے انہیں یہاں کے معاملات کو گہرائی سے تجزیہ کرنے کا موقع ملے گا۔ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت کا سلسلہ شروع ہونے کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں مسٹر بخاری نے کہا: ‘ہمارے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اس کے بارے میں بہتر جانتے ہیں تاہم دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات خاص طور پر ہمارے لئے اچھی بات ہے۔ان کا اسمبلی نشستوں کی سر نو حد بندی کے بارے میں پوچھے جانے پر کہنا تھا کہ ریاستی درجے کی فوری بحالی کے بعد یہاں اسمبلی انتخابات منعقد ہونے چاہئے تاکہ جمہوریت بنیادی سطح پر استوار ہو سکے۔دریں اثنا اپنی پارٹی کے ایک ترجمان نے کہا کہ ضلع بارہمولہ کے ٹریٹوریل حلقہ رفیع آباد سے ڈی ڈی سی ممبر پرمجیت کور نے منگل کے روز پارٹی دفتر لال چوک سری نگر میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنی پارٹی میں شامل اختیار کی۔موصوفہ کا اپنی پارٹی صدر الطاف بخاری نے خیر مقدم کرتے ہوئے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر کو ملک کا ترقی یافتہ خطہ بنانے کے ویژن کے ساتھ نوجوان نسل مین اسٹریم سیاست میں شمولیت اختیار کر رہی ہے۔










