فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی سے نقصان محدود، کوئی جانی نقصان نہیں
سرینگر/ یو این ایس// سری نگر کے صدرہسپتال کی پارکنگ میں دیر رات ایک سویفٹ ڈئزائر کار اچانک آگ کے شعلوں میں گھرجانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ حکام کے مطابق واقعہ پیر کی شب تقریباً 11:05بجے رپورٹ کیا گیا، جس کے فوراً بعد سید حمید پورہ فائر اسٹیشن کی فائر ٹینڈرز ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی۔یو این ایس کے مطابق آگ بجھانے والے عملے نے پہنچنے پر دیکھا کہ گاڑی مکمل طور پر شعلوں میں لپٹی تھی۔ مقامی لوگوں نے بھی ابتدائی کوششوں میں تعاون فراہم کیا، جس سے آگ کو قریبی گاڑیوں اور ہسپتال کی دیگر عمارتوں تک پھیلنے سے روکا جا سکا۔فائر فائٹرز نے طویل اور متواتر کارروائی کے بعد آگ پر قابو پا لیا اور اسے مکمل طور پر بجھا دیا۔ حکام نے تصدیق کی کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حادثے کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم حکام نے گاڑی (DL9CR 7917) میں لگنے والی آگ کے پس منظر کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آگ کیسے بھڑکی۔










