صحت افزاء مقام گلمرگ میں پارکنگ علاقوں سے برف ہٹانے میں ڈیولپمنٹ اتھارٹی ناکام

صحت افزاء مقام گلمرگ میں پارکنگ علاقوں سے برف ہٹانے میں ڈیولپمنٹ اتھارٹی ناکام

سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیوں شاہراہ پر درماندہ ، ایتھلیٹوں ، ملکی ،غیر ملکی سیاحوں کو مشکلات کا سامنا

سرینگر/ /اے پی آئی// مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کھیلو انڈیا گیمز سے پہلے ہی صحت افزاء مقام کی سڑکیں نجی اور مسافر بردار گاڑیوں سے بند پڑی ہوئی ہیں ۔ پارکنگ جگہوں سے برف ہٹانے کیلئے گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے اقدامات نہ اٹھانے پر ایتھلیٹوں ، ملکی غیر ملکی سیاحوں ، مقامی سیلانیوں نے شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کے دعوے بار بار غلط ثابت ہورہے ہیں ۔ پارکنگ علاقوں سے برف نہ ٹانے کی غیر سنجیدگی اس بات کا منہ بولا ثبوت ہے کہ ایتھلیٹوں اور سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے دعوے بے بنیاد ہے ۔ اے پی آئی نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا جس کے مطابق صحت افزاء مقام گلمرگ میں شاہراہ نجی ، مسافر بردار گاڑیوں کی غیر قانونی پارکنگ کی وجہ سے ملکی ،غیر ملکی سیاحوں ، ایتھلیٹوں ، مزدوروں ، تاجروں اور مقامی سیلانیوں کیلئے وبال جان بن گئی ہے ۔ گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے پارکنگ کے علاقوں سے برف ہٹانے کیلئے کسی بھی طرح کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی اس کی طرف کوئی توجہ دے دی گئی ہے ۔ جتنے بھی ملکی ، غیر ملکی سیاح گلمرگ سیر وتفریح کیلئے آرہے ہیں وہ اپنی گاڑیاں شاہراہ پر پارک کردیتے ہیں جس سے گاڑیوں کی آمد ورفت معطل ہوکر رہ جاتی ہے اور صحت افزاء مقام پر ٹریفک جام ہونے کے نتیجے میں ملکی ، غیر ملکی سیاحوں ، ایتھلیٹوں ، سیاحت سے وابستہ افراد ، ہوٹل ، ریسٹورنٹ مالکان ، مزدوروں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ مختلف مکتبہ ہائی فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ گلمرگ میں لاتعداد گاڑیاں سڑک پر پارک کی گئی ہیں اور پارکنگ علاقوں سے گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی یا ضلع انتظامیہ کی جانب سے اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں جو حیران کن ہے ۔ 23فروری سے 26فروری تک صحت افزاء مقام گلمرگ کے افروٹ ، کنگڈورہ علاقوں میں کھیلو انڈیا کے تحت کھیلوں کا انعقاد ہونے جارہا ہے اور ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جشن بھی منایا جارہا ہے جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگ اس جشن میں شرکت کرنے جارہے ہیں جبکہ کھیلو انڈیا کے تحت ملکی ، غیر ملکی ایتھلیٹ اور مقامی کھیل کے شوقین بھی صحت افزاء مقام گلمرگ وارد ہورہے ہیں ۔ اگر صورتحال اسی طرح رہی تو کھیلو انڈیا گیمز جشن متاثر ہونے کے امکانات موجود ہیں۔ مختلف افراد نے کہا کہ ضلع انتظامیہ اور گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی غیر سنجیدگی انتہائی حیران کن ہے ۔