“ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہماری ذمہ داری ہے”
سرینگر // وی او آئی//رکن پارلیمان آغا روح اللہ مہدی نے جمعہ کے روز کہا کہ شیخ محمد عبداللہ کی 120ویں سالگرہ ہمیں ان کی جدوجہد اور عوامی خدمت کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عبداللہ نے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے انصاف، عزت اور جمہوری حقوق کے حصول میں نمایاں کردار ادا کیا۔ روح اللہ نے کہا کہ شیخ عبداللہ سیاسی جرات اور ثابت قدمی کی علامت تھے جنہوں نے خطے کی اجتماعی امنگوں کو شکل دی۔ ان کے مطابق: “ہمیں نہ صرف ان کے سیاسی قد کاٹھ کی یاد آتی ہے بلکہ انصاف، عزت اور عوامی حقوق کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی بھی یاد رہتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شیخ عبداللہ نے اپنی زندگی ظلم کے خلاف جدوجہد اور استحصالی ڈھانچوں کو ختم کرنے کے لیے وقف کر دی۔ روح اللہ کے مطابق موجودہ نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان اقدار کو برقرار رکھے اور نیشنل کانفرنس کے بانی کے مشن کو آگے بڑھائے۔ انہوں نے کہا: “یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ان اقدار کو قائم رکھیں اور اس مشن کو آگے بڑھائیں جس کے لیے وہ اور ان کے ساتھیوں نے اپنی زندگیاں وقف کر دیں۔ یہ دن ہمیں اتحاد، انصاف اور جمہوری حقوق کے عزم کو تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔”










