اہم منصوبوں کی تکمیل کیلئے دسمبر کی ڈیڈلائن مقرر
سری نگر/ / کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات شتیل نندانے یونین ٹیریٹری میں جنگلات اور اس سے منسلک شعبوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جائزہ لیا۔ اِس جائز ے میںمختلف سکیموں کے تحت جاری اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی جن میں کیپکس ،کمپنسٹری افورسٹیشن فنڈ مینجمنٹ اینڈ پلاننگ اتھارٹی (سی اے ایم پی اے)، مرکزی معاونت والی سکیمیں (سی ایس ایس)اور گرین اِنڈیا مشن (جی آئی ایم) شامل ہیں۔کمشنر سیکرٹری نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ تمام سکیموںبالخصوص مرکزی معاونت والی سکیموں کو من و عن عملائیں۔ اُنہوں نے شجرکاری مہمات کو تیز کرنے اور تمام اَضلاع میں کیپکس بجٹ کے تحت مالی کارروائیوں کو جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔تفصیلی جائزے کے دوران مختلف مسائل پر تفصیلی بحث و تمحیص ہوئی جن میں 2024-25 اور 2025-26 کے لئے اَضلاع کے لحاظ سے طبعی اور مالی کامیابیاں، موصولہ فنڈز، اَخراجات اور مرکزی سکیموں کے تحت جمع کردہ مالیاتی سرٹیفکٹس شامل تھیں۔ اُنہوں نے 2025-26 کے لئے منظور شدہ سالانہ منصوبہ جات، فنڈز کی تفصیلات اور یو ٹی کیپکس بجٹ کے تحت کاموں کی طبعی و مالی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ سال 2025-26 کے لئے بجٹ اعلانات پر تازہ ترین پیش رفت پر بھی غوروخوض کیا گیا۔ خصوصی امداد برائے ریاستی سرمایہ کاری (ایس اے ایس سی آئی) کے تحت منظور شدہ منصوبوں کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر سیکرٹری نے تمام محکمانہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیاری فراہمی کے لئے سخت ہدایات جاری کیں۔ جنگلات سے منسلک تمام محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دسمبر 2025 ء تک کم از کم 70 فیصد منصوبہ بند کام بشمول اِنفراسٹرکچر اَپ گریڈ، شجرکاری اور تحفظاتی اقدامات مکمل کریں۔اُنہوں نے ہدایت دی کہ یوٹی کے معتدل علاقوں میں موسم سرما میں شجر کاری کی سرگرمیاں فوری طور پر شروع کی جائیں۔ اِس اَقدام میں جنگلاتی علاقوں، شہری سبز مقامات اور اِجتماعی زمینوں کا اِحاطہ کیا جائے گا۔ عمل آوری ایجنسیوںسے تاکید کی گئی کہ وہ جنگلاتی زمین کی حد بندی کے لئے بائونڈری پلرز کی تنصیب اور آبی علاقوں میں نشاندہی کا عمل فوری طور پر تیز کریں تاکہ جنگلاتی حدود کے تحفظ اور قانونی وضاحت کو یقینی بنایا جا سکے۔کمشنر سیکرٹری نے ایکو ٹوراِزم کی دیرپا روزگار کو فروغ دینے میں ماحولیاتی سیاحت کی صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام زیرِ اِلتوأنگر وَن (اَربن فارسٹ) پروجیکٹوںکو دسمبر 2025 ء تک مکمل کر کے فعال بنایا جائے۔ اُنہوں نے کہا،’’ ان پروجیکٹوں کا مقصد شہری علاقوں میں سبز مقامات میں قابلِ رَسائی سبز جگہیں بنانا، عوامی شمولیت کو فروغ دینا اور حیاتیاتی تنوع کا تحفظ کرنا ہے۔‘‘میٹنگ میں بین ڈپارٹمنٹل کوآرڈینیشن کو بڑھانے اور فیلڈ سطح پر فعال عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ محکموں کو شفافیت برقرار رکھنے، جدید مانیٹرنگ ٹولز کو اَپنانے اور مقامی کمیونٹیوں کو شجرکاری و تحفظاتی اَقدامات میں شامل کرنے کی ترغیب دی گئی۔ کمشنر سیکرٹری نے حکومت کے ماحولیاتی تحفظ، دیرپا ترقی اور موسمیاتی لچک کے عزم کا اعادہ کیا جو کہ کمیونٹی پر مبنی جنگلاتی اقدامات کے ذریعے حاصل کیا جا رہا ہے۔میٹنگ میں اہم افسران اوراہل کاروں نے شرکت کی جن میں پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹ (پی سی سی ایف) و ہیڈ آف فارسٹ فورس (ایچ او ایف ایف)سریش کمار گپتا، چیف وائلڈ لائف وارڈن جے اینڈ کے سرویش رائے، چیئرمین پولیوشن کنٹرول کمیٹی واسو یادو، ڈائریکٹر سوشل فارسٹری اے اینڈ کے سندیپ کجور اور تمام چیف کنزرویٹرز آف فارسٹ (سی سی ایفز)، ڈائریکٹر فائنانس (فارسٹ)، کنزرویٹرز آف فارسٹ (سی ایفز)، ریجنل ڈائریکٹرز (آر ڈیز) اور دونوں خطوںکے ڈویژنل فارسٹ اَفسران (ڈِی ایف اوز) شامل تھے۔










