Nayeem Ul Haq

شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں ہلکی برفباری ، بارشوں اور دھوپ چھائو کا سلسلہ جاری

آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خراب موسمی صورتحال کے بیچ بھاری سے درمیانی درجے کی برفباری کا امکان

سرینگر // شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں ہلکی برفباری ، بارشوں اور دھوپ چھائو کے کھیل کے بیچ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خراب موسمی صورتحال جاری رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بھاری سے درمیانی درجے کی برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ ادھر شبانہ درجہ حرارت میں پھر کمی درج ہوئی ہے اور رات کا درجہ حرارت مسلسل منفی سے نیچے درج کیا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق سرینگر شہر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں سنیچروار کی صبح ایک بار پھر ہلکی برفباری او ر بارشیں ہوئی ۔ شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر اضلاع میں ہلکی برفباری ہوئی تاہم بعد میں دھوپ چھائو کا کھیل جاری رہا اور مجموعی طور پر آسمان پر بادل ہی چھائیں رہے ۔ وادی کے تمام میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری ہی ریکارڈ کی گئی اور کہیں سے بھی بھاری برفباری کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ ادھر خراب موسمی صورتحال کے چلتے موسمیاتی ماہرین نے اگلے 24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر برفباری اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں گزشتہ رات منفی 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ اسی طرح سے قاضی گنڈ میں کم از کم درجہ حرارت منفی 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ رات منفی 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ رات منفی 11.9 ڈگری سیلشس کے مقابلے میں منفی 8.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہرہ آفاق گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 12.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منفی 10.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ عہدیدار نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں بھی کوکرناگ میں گزشتہ رات منفی 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم منفی 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور کپوارہ قصبے میں گزشتہ رات منفی 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ پیشینگوئی کے بارے میںمحکمہ موسمیات نے کہا کہ 3اور 4فروری تک،عام طور پر دوپہر تک ابر آلود موسم کی توقع ہے اور کئی مقامات پر شام تک اتوار کی شام تک ہلکی سے درمیانی برف یابارش کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں صوبے میں اس مدت کے دوران پیرپنجال رینج اور وادی چناب کے اونچے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔