شہری ہلاکتوں کے واقعات انتہائی بہیمانہ اور انسانیت سو ز :الطاف بخاری

سرینگر / /اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے منگل کی شام چند گھنٹوں کے اندر کشمیر میں تین معصوم شہریوں کی ہلاکت پر گہری دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے شہری ہلاکتوں کے واقعات کو انتہائی بہیمانہ اور انسانیت سو ز قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حملے مجرموں کی غیر انسانی سوچ کی عکاسی ہے۔جاری ایک بیان میں الطاف بخاری نے لال چوک میں دوائیوں کے سٹور کے مشہور مالک ایم ایل بیندرو، بہار سے تعلق رکھنے والے رھیڑی فروش وریندر پاسوان اور شاہ گنڈ حاجن ضلع بانڈی پورہ کے محمدشفیع کے سفاکانہ قتل کی کڑے لفظوں میں مذمت کی ہے۔ اِن ہلاکتوں کو انتہائی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ ایک اور کشمیری جو برسوں سے دوائیوں کی دکان چلانے کے لئے جانا جاتا تھا ، اس شیطانی خونریزی کا تازہ ترین شکار بن گیا ہے۔انہوں نے کہا’’ان ہلاکتوں کی مذمت کرنے کے لئے کوئی الفاظ نہیں، ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں، بیندرو نے پر آشوب ماحول میں بھی اپنے وطن ِ عزیز کو نہ چھوڑا اور دنیا کے اِس حصہ میں حیات بخش ادویات کی فراہمی کو لگاتار یقینی بنایا، کیا یہ اُس کی عوامی خدمت کا صلہ ہے جو اُس کو دیاگیا؟ــ۔ سید محمد الطاف بخاری نے لال بازار میں غیر مقامی مزدور اور حاجن سے تعلق رکھنے والے ایک شہری کی ہلاکت کی بھی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی الفاظ غمزدہ کنبوں کے دکھ وتکلیف کو کم نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ اُن بچوں کو اِس قتل کی کیا جوازاور منطق دیاجائے گا جنہوں نے اپنے روزی روٹی کمانے والے والد کو کھویا، کوئی لفظ اُن کو سکون نہیں پہنچا سکتا اور نہ ہی کوئی چیز ان کے پیاروں کو واپس لا سکتی ہے یا متبادل ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شاہ گنڈ حاجن میں سومو صدر کا جو قتل کیاگیاکہ وہ اِن گھناؤنے جرائم کے مرتکب افراد کی بربریت اور غیر انسانی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔سید محمد الطاف بخاری نے انتظامیہ سے گذارش کی ہے کہ تحقیقات میں تیزی لاکر فوری طور اِ ن مجرموں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے جوکہ جموں وکشمیر کے پر امن ماحول کو خراب کرنے پرتلے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حساس افراد کی سیکورٹی پرنظر ثانی کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں اِس نوعیت کے واقعات پیش نہ آئیں۔ پارٹی لیڈرشپ نے مقتولین کی روح کی شانتی اور لواحقین کے لئے صبر وجمیل کی دعا کی ہے۔