شہباز شریف کی نجم سیٹھی کو پی ایس ایل کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے بقیہ میچز کے انعقاد کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔پی سی بی ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں پی ایس ایل 8 کے بقیہ میچز کی منتقلی کے معاملے سے آگاہ کیا۔ٹیلی فون کال پر ہوئی گفتگو میں نجم سیٹھی نے وزیراعظم کو پنجاب کی نگراں حکومت کے رویے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔تاہم وزیراعظم نے نجم سیٹھی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل قومی ایونٹ ہے، آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔خیال رہے کہ پی سی بی، نگران حکومت کو ایک روپیہ بھی نہ دینے پر بضد ہے اور اگر نگران حکومت بات نہیں سنتی تو میچز منگل سے کراچی منتقل کیے جاسکتے ہیں۔
پی ایس ایل میچز
دوسری جانب پی ایس ایل 8 کے بقیہ میچز شیڈول کے مطابق ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کراچی میں موجود براڈ کاسٹرز کو راولپنڈی جانے کے احکامات دے دیے ہیں جس کے بعد براڈ کاسٹرز شیڈول کے مطابق آج رات اور کل صبح راولپنڈی روانہ ہوں گے۔پی ایس ایل کے راولپنڈی میں شیڈول میچز یکم مارچ سے شروع ہوں گے اور پی سی بی کو حکومت پنجاب کے ساتھ معاملات جلد حل ہونے کی امید ہے۔واضح رہے کہ حکومتِ پنجاب نے سیکیورٹی فنڈز کا مطالبہ 45 کروڑ روپے سے کم کر کے 25 کروڑ روپے کردیا لیکن پی سی بی نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ 2014 میں طے پانے والے معاہدوں کے مطابق ٹیموں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا مؤقف واضح ہے لیکن حکومت پنجاب واضح نہیں ہے، پہلے اس نے ایک بجٹ بھیجا جس میں پی سی بی کو 90 کروڑ روپے ادا کرنے کا کہا گیا، پھر آہستہ آہستہ اسے کم کیا گیا اور اب معاملہ 25 کروڑ روپے پر آگیا ہے۔