’شٹ اپ‘ سابق امریکی اسپیکر نینسی پیلوسی رپورٹر پر برہم

واشنگٹن/ایجنسیز//واشنگٹن میں جاری سیاسی اور میڈیا کشیدگی کی عکاسی کرنے والے ایک منظر میں امریکی ایوان نمائندگان کی سابق سپیکر نینسی پیلوسی ایک رپورٹر پر اس وقت پھٹ پڑیں جب رپورٹر نے 6 جنوری 2021 کو کیپیٹل کی عمارت پر حملے کے دن سکیورٹی انتظامات کی ذمہ داری کے بارے میں پوچھ ڈالا۔پیلوسی نے ابھی کیپیٹل میں پریس کانفرنس ختم کی تھی اور وہ جا رہی تھیں کہ امریکہ میں دائیں بازو کے میڈیا نیٹ ورک “لنڈیل ٹی وی” کے ایک رپورٹر نے ان کا پیچھا کیا۔ رپورٹر نے پیلوسی سے پوچھا کہ کیا وہ اس بات پر فکر مند ہیں کہ ریپبلکنز کی جانب سے کیپٹل ہل واقعے کی دوبارہ تحقیقات کیلئے بنائی گئی نئی کمیٹی انہیں سکیورٹی کی ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرا سکتی ہے۔ رپورٹر نے خصوصی طور پر پوچھا کہ کیا آپ نے اس دن نیشنل گارڈ کی تعیناتی کی درخواست مسترد کر دی تھی؟پیلوسی نے واضح غصے کے ساتھ جواب دیا “چپ رہو! میں نے نیشنل گارڈ کو مسترد نہیں کیا، صدر نے انہیں اندر نہیں بھیجا تھا۔” پیلوسی نے غصے سے کہا “آپ یہاں کیوں آرہے ہیں ریپبلکن پوائنٹس کو اس طرح دہرا رہے ہیں جیسے آپ ایک سنجیدہ صحافی ہو؟” یہ اس بات کا حوالہ تھا جسے وہ قدامت پسند میڈیا آؤٹ لیٹس کی طرف سے اپنی پوزیشن کو مسخ کرنے کی کوششیں قرار دیتی ہیں۔اس واقعے نے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر رد عمل پیدا کردیا۔ کچھ مبصرین نے اسے اپنے خلاف ریپبلکنز کے جاری الزامات کے ساتھ پیلوسی کی بڑھتی ہوئی بے صبری کے ثبوت کے طور پر دیکھا۔ دوسروں نے پیلوسی کے مشتعل ردعمل کو 6 جنوری کے واقعے کو دوبارہ کھولنے کیلئے ڈیموکریٹس کی حساسیت کو ظاہر کرنے کے طور پر بیان کیا۔