شوپیاں کا گجر طبقہ سراپا احتجاج ،ایس ٹی زمرے میں نہ رکھنے کامعاملہ

سرینگر / /جنوبی کشمیر شوپیان کے ضلع ہیڈ کواٹر میں گجر طبقہ سے وابستہ افراد نے انتظامیہ کے خلاف زوردار احتجاج کیا ۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق ضلع کے پہاڑی علاقوں میں رہائش پذیر گجر طبقہ کے افراد نے ضلع ہیڈ کواٹر میں متعلقہ افسران اور انتظامیہ کی پالیسی کیخلاف زور دار احتجاج کیا ۔احتجاج میں شامل افراد نے کہاکہ وہ پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں لیکن ان کو پھر بھی شیڈول ٹرائب (ایس ٹی ) زمرے میں نہیں لایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ باربار متعلقہ حکام کی نوٹس میں لانے کے باجود بھی کوئی خاطر خواہ اقدام نہیںاٹھائے گئے بلکہ ٹال مٹول کی پالیسی اپنائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ مسلسل ناانصافی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ کو سیاسی بنیادوں پر بھی اٹھایا گیا لیکن کوئی توجہ دینے کی زحمت گوارا نہیں کی جاتی ہے ۔اس دوران انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور ان کو ایس ٹی زمرے میں لایا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورا ہوسکیں گے ۔