عدالت کا ملزم کو ایک سال قید اور مالی ادائیگی کا حکم ،ضمانت منسوخ
سرینگر/ یواین ایس / ضلع شوپیاں کی مقامی عدالت نے پانچ لاکھ روپے کے چیک باؤنس کیس میں ایک شخص کو مجرم قرار دیتے ہوئے ایک سال کی سادہ قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ یہ فیصلہ 17 دسمبر کو چیف جوڈیشل مجسٹریٹ شوپیاں کی عدالت نے شاہنواز احمد بٹ بنام بشیر احمد بٹ کے عنوان سے درج مقدمے میں سنایا۔عدالتی فیصلے کے مطابق مدعی شاہنواز احمد بٹ نے الزام عائد کیا تھا کہ ملزم بشیر احمد، ساکن بونہ گام شوپیاں، نے ستمبر 2018 میں مشترکہ طور پر انجام دیے جانے والے کام کے سلسلے میں مالی واجبات کی ادائیگی کے لیے 5 لاکھ روپے کا چیک جاری کیا تھا۔ مذکورہ چیک جے اینڈ کے بینک ایچ آر برانچ شوپیاں میں جمع کرایا گیا، تاہم بینک نے اسے ‘‘ایکسِیڈز ارینجمنٹ’’ کے ریمارک کے ساتھ نامنظور کر دیا۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بعد ازاں مدعی کی جانب سے قانونی تقاضوں کے مطابق ڈیمانڈ نوٹس بھی جاری کیا گیا، جو عدالت کے مطابق باقاعدہ طور پر ملزم کو موصول ہوا۔ تفصیلی سماعت اور متعدد گواہوں کے بیانات کے بعد عدالت اس نتیجے پر پہنچی کہ نیگوشی ایبل انسٹرومنٹس ایکٹ کی دفعہ 138 کے تحت تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔عدالت نے مشاہدہ کیا کہ ملزم قانونی ذمہ داری سے متعلق مفروضے کو رد کرنے میں ناکام رہا اور نہ ہی یہ ثابت کر سکا کہ چیک گم ہوا تھا یا اس کا غلط استعمال کیا گیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ چیک ایک قابلِ نفاذ قانونی قرض کی ادائیگی کے لیے جاری کیا گیا تھا۔عدالت نے ملزم کو ایک سال کی سادہ قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ اس کے علاوہ عدالت نے حکم دیا کہ ملزم مدعی کو پانچ لاکھ روپے کی اصل رقم، چیک کے اجرا کی تاریخ سے چھ فیصد سالانہ سود کے ساتھ ادا کرے، نیز 50 ہزار روپے بطور معاوضہ بھی ادا کرنے کے احکامات دیے گئے۔عدالت نے ملزم کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے اسے تحویل میں لے کر ضلع جیل پلوامہ منتقل کرنے کا حکم بھی صادر کیا۔










