Protest

شوپیان کے8دیہات میں اضافی بجلی بلوں کیخلاف لوگوں کا پرامن احتجاج

سرینگر// شوپیاں کے8 دیہات میں اضافی بجلی بلوں کیخلاف لوگوںنے پرامن احتجاج کرتے ہوئے موجودہ وبائی صورتحا ل میں اضافی بجلی بلوں کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ سی این ایس کے مطابق شوپیاں سے تعلق رکھنے والے گاڑہ پورہ ، نارورہ، ہانجی پورہ ، بینلی پورہ ، آیند، روالپور ،ورپالپورہ دیہات سے تعلق رکھنے والے درجنوں لوگ نارئور ہ شوپیان میں قائم ریسونگ اسٹیشن پربطور احتجاج دھرنے پر بیٹھ گئے اور انہوں نے ہاتھوںمیں بلیں لہراتے ہوئے کہاکہ بجلی بل 575 روپے سے بڑھا کر 775 روپے تک بڑھا دی گئی ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ ضلع شوپیان238 دیہات پر مشتمل ہیں اورمحکمہ بجلی نے صرف ان8 دیہات کے صارفین پر بھاری بوجھ ڈالتے ہوئے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے بجلی کی نرخوں میں اضافہ کیا۔لوگوں نے محکمہ کے خلاف غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ وبائی صورتحا ل میں اضافی بجلی بلوں کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ متعدد صارفین نے کہا کہ اسے یکطرفہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے بجلی کی نرخوں میں اضافہ کرکے صارفین کو لوٹ رہے ہیں جو ہم کسی صورت میں برداشت نہیں کریں گے۔ اس دوران مظاہرین کا کہنا تھا کہ جہاں موسم سر ما کے دوران ان علاقوں میں ایک طرف بجلی کا کہیں نام و نشان تک نہیں موجود ہوتاہے وہیں دوسری طرف اضافی بجلی بلوں کی وجہ صارفین کو مزیدپریشان کیا جارہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ یہاں کے لوگ اکثر وبیشتر بجلی کی نایابی کے باعث اندھیرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ جب تک ان کا مسئلہ حل نہیں ہوتا تب تک وہ احتجاج جاری رکھیںگے۔