شوپیان سے سرکردہ سیاسی کارکنان اپنی پارٹی میں شامل

سرینگر//ضلع شوپیان سے تعلق رکھنے والے سرکردہ سیاسی کارکنان نے منگل کے روز لال چوک سرینگر میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ شامل ہونے والوں میں نیشنل کانفرنس سے وابستہ کارکن سرتاج احمد گنائی، سابقہ نائب سرپنچ چک شیرمال مشتاق احمد راتھر اور نمبردار پوٹروال غلام حسن پڈرو قابل ِ ذکر ہیں، جن کا پارٹی نائب صدر ظفر اقبال منہاس نے استقبال کیا۔ اس موقع پر صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، یوتھ صوبائی کارڈی نیٹر کشمیر امتیاز راتھر اور ضلع سیکریٹری شوپیان تنویر ٹاک بھی موجود تھے۔ ظفر منہاس نے نئے ساتھیوں سے کہاکہ وہ متعلقہ علاقوں میں عام لوگوں کی بہبودی کیلئے بے لوث ہوکر کام کریں۔ انہوں نے کہا’’کسی بھی جماعت کی سیاسی حیثیت کا انحصار اُس کی طرف سے عوام کی بہبودی کے لئے کئے کاموں پر منحصر کرتا ہے، جموں وکشمیر میں مختلف علاقائی سیاسی جماعتوں کے مایوس کن رویہ کی وجہ سے ہمیشہ ترقیاتی فقدان ہے اور موجودہ بیروکرسی تسلط کو ختم کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ پارٹی نے کھوکھلے نعرے نہ لگانے کا عزم کر رکھا ہے اور پارٹی نے ہمیشہ زمینی سطح پر لوگوں کے معیار ِ حیات کو بہتر بنانے کے لئے کوششیں کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔شوپیان میں فاسٹ ٹریک بنیاد پر ممبر شپ مہم شروع کرنے پرزور دیتے ہوئے منہاس نے کہاکہ ممبرشپ مہم کے دوران چھوٹی سطح پر مرد وخواتین کو متحرک کرنے پر توجہ دی جانی چاہئے اور جموں وکشمیر بھر میں ترقی پسند ایجنڈہ کو ترقی اور وسعت دی جائے۔انہوں نے مزید کہا’’ہمیں اپنی جماعت کے ایجنڈہ کے ساتھ زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے مردو خواتین کو جوڑ کراُن کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے، یہ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ پارٹی کے پروگراموں کو زمینی سطح تک لے جائیں اور جموں وکشمیر بالخصوص ضلع شوپیان میں عوام کو درپیش مختلف مسائل کو حکومت تک پہنچایاجائے‘‘۔