شمالی ووسطی کشمیرمیں ہلکی اورجنوبی کشمیرمیں کچھ مقامات پرشدیدبارش

کچھ ندی نالوںمیںطغیانی ،کچھ مقامات پرسیلابی ریلے، ایک رہائشی مکان سمیت کچھ تعمیرات کونقصان

سری نگر،بارہمولہ ،اننت ناگ//اتوارکی ریکارڈتوڑ گرمی سہنے کے بعدسوموارکواہلیان وادی نے شدیدگرمی اورتپش سے کچھ راحت پائی ،کیونکہ علی الصبح شمال وجنوب بارشوں کاسلسلہ ہوگیا ،جس دوران شمالی ووسطی کشمیرمیں ہلکی بارش ہوئی تاہم جنوبی کشمیرکے کچھ علاقوںمیں شدید بارشوں کے بعدکچھ ندی نالوںمیںطغیانی کی صورتحال پیداہونے سے سیلابی ریلے کچھ علاقوںمیں داخل ہوئے ،جنوبی کشمیرمیں ایک رہائشی مکان سمیت کچھ تعمیرات کونقصان پہنچنے کی اطلاع ہے ۔اُدھر جموں صوبہ کے کئی علاقوں میں بھی سوموارکوصبح سے ہلکی اوردرمیانہ درجے کی بارشیں وقفے وقفے سے جاری رہیں ۔ادھر جموں وکشمیرکی انتظامیہ نے تمام ضلعی ترقیاتی کمشنروںکو تین روزتک الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کسی بھی علاقہ میں بارشوں سے پیداہونے والی کسی بھی مشکل صورتحال کابروقت مقابلہ کرکے وہاں لوگوںکوراحت پہنچائی جائے ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق سوموارکوعلی الصبح تقریباً4بجے سے کشمیرمیں بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا۔شمالی اوروسطی کشمیرمیں بارشوں کاسلسلہ وقفے وقفے سے سبح 7بجے تک جاری رہا،جس دوران سری نگر،بارہمولہ اوردیگراضلاع میں ہلکی تادرمیانہ درجے کی بارشیں ہوتی رہیں ۔تاہم اسکے بعدمطلع ابروآلودرہنے کے باوجود مزید بارشیں نہیں ہوئیں ۔اُدھر اننت ناگ سمیت جنوبی کشمیرمیں بھی سوموارکوعلی الصبح بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا تاہم جنوبی کشمیرکے کچھ علاقوںمیں شدیدبارشیں ہوئیں اورکچھ ندی نالوںمیں پانی کی سطح اچانک بڑھ جانے سے ان کے باندھ ٹوٹ گئے اورطغیانی آنے کے بعدکچھ ندی نالوں کاپانی نزدیکی بستیوں کیساتھ ساتھ کھیتوں اورباغات میں بھی داخل ہوگیا۔بتایاجاتا ہے کہ ندی نالوں سے برآمدہونے والے سیلابی ریلوں کی وجہ سے ایک رہائشی مکان سمیت کچھ تعمیرات کونقصان پہنچا۔ایک ویڈیوفوٹیچ میں دیکھاجاسکتاہے کہ سیلابی ریلاایک بستی میں داخل ہوگیا ،اوریہاں ایک مکان کوکافی نقصان پہنچا جبکہ ویڈیومیں کچھ خواتین کواللہ سے رحم کی دعائیں مانگتے سناجاسکتا تھا۔معلوم ہواکہ ضلع اننت ناگ کے سری گفوارہ اورپہرئو علاقہ میں تیز بارشوں اوربادل پھٹنے کے بعدنزدیکی نالوں وندیوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی اورسیلابی ریلے نزدیکی بستیوں میں داخل ہوئے ،جسکے باعث کچھ تعمیرات کونقصان پہنچا تاہم ضلع انتظامیہ نے دونوں علاقوں میں فوری بچائو اورراحت کاری عمل میں لائی ۔اس دوران ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سوموارکی صبح سری نگر میں1.8ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ جموں میں5.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں2.6 ملی میٹر جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں26.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔سرحدی ضلع کپوارہ میں 2.6 ملی میٹر جبکہ قاضی گنڈ میں14.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ادھراتوارکوسال رواں کے اب تک کے گرم ترین دن کے بعد سوموارکو جموں و کشمیر میں صبح بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوا جس سے لوگوں کو سخت گرمی سے راحت نصیب ہوئی۔سری نگر میں اتوار کے روز دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جموں میں اتوار کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو دونوں مقامات پر رواں سیزن کا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت تھا۔بتا دیں کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر پیر کی صبح بارش ہوئی۔متعلقہ محکمے کے مطابق جموں و کشمیر میں 21 جولائی تک بارشیں ہو سکتی ہیں اور اس دوران کئی مقامات میں فلش فلڈ آنے کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں21 جولائی تک بارشیں ہو سکتی ہیں۔ سیلاب آنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم سیلابی آسکتے آ سکتے ہیں لہٰذا خبردار رہنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں کے لوگوں کو چوکس رہنے کی تاکید کی ہے اور سیاحوں سے پہاڑوں اور ندی نالوں کے کناروں پر خیمے لگانے سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔محکمہ موسمیات نے اپنی پیشگوئی کودوہراتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیرمیں 21جولائی تک بارشوں کاسلسلہ جاری رہیگا،جس دوران کچھ علاقوں میں شدیدبارشیں بھی ہوسکتی ہیں ،اوراس وجہ سے کچھ ندی نالوںمیں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کیساتھ ساتھ پانی کے بہائومیں بھی تیزی آسکتی ہے ۔تاہم محکمہ موسمیات نے کہاکہ 20جولائی کورات دیر گئے سے بارشوں کی شدت میں کمی آسکتی ہے ۔